Maktaba Wahhabi

37 - 166
لہٰذا ان کے افکار کا آپ پر اثر ہونا ایک فطری امر تھامثلاً عثمان بن حویرث اور ورقہ بن نوفل، جو حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے کزن تھے، اور عبید اللہ آپ کی پھوپھی کے بیٹے تھے۔ 28 عثمان بن حویرث کے بارے ہم ابن ہشام رحمہ اللہ کا یہ بیان نقل کر چکے ہیں کہ وہ نبوت سے تین سال پہلے شام منتقل ہو گیاتھا اور اس نے عیسائیت قبول کر لی تھی۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر اس کے اثرات کے بارے کوئی دلیل موجود نہیں ہے۔ اور ورقہ بن نوفل نے بھی عیسائیت قبول کر لی تھی، نبوت کے وقت نابینا اور انتہائی بوڑھے تھے، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی دفعہ ان سے ملاقات پہلی وحی کے نزول کے بعد ہوئی جیسا کہ ہم پیچھے نقل کر چکے ہیں اور انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی تصدیق بھی کی تھی۔ بلاشبہہ یہودیت، عیسائیت، دین ابراہیمی اور دین اسلام میں بہت سی تعلیمات مشترک ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کا مصدر ایک ہے یعنی وحی الٰہی۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ’’والأنبیاء إخوة لعلات، أمهاتهم شتی ودینهم واحد ‘‘29 ’’ انبیاء علاتی(باپ شریک) بھائی ہیں۔ ان کی مائیں(شریعتیں) جدا ہیں جبکہ ان کا دین (باپ) ایک ہے۔‘‘ رچرڈ بیل) Richard Bell) رچرڈ بیل Richard Bell (۱۸۷۶۔۱۹۵۲ء) ایک برطانوی مستشرق تھا۔ ۱۹۳۷ء سے ۱۹۳۹ء کے مابین اس نے قرآن مجید کا انگریزی ترجمہ"The Quran: Translated with a critical rearragnement of the Surahs" شائع کیا۔ اور ۱۹۵۳ء میں اپنا مشہور مقدمہ "Introduction to the Quran" شائع کیا جو ۱۹۷۰ء میں منٹگمری واٹ Montgomery Watt (۱۹۰۹۔۲۰۰۶ء) کی نظرثانی کے ساتھ دوبارہ شائع ہوا۔ اس کی ایک اور معروف کتاب "The Origin of islam in its Christian Enviorment" کے نام سے بھی ہے جو ۱۹۲۵ء میں شائع ہوئی۔ یہ تینوں کتابیں ایڈنبرایونیورسٹی پریس نے شائع کی ہیں۔ رچرڈ بیل، یونیورسٹی آف ایڈنبرا، برطانیہ میں عربی زبان کا استاذ رہا ہے۔30
Flag Counter