Maktaba Wahhabi

97 - 153
دعاکا معنی و مفہوم دعا عبادت ہے: عبادت کی سب سے اعلیٰ اور ارفع قسم اور سب سے زیادہ صاحب شرف چیز دعا ہے۔ حدیث میں آتا ہے: ((اَلدُّعَائُ ہُوَ الْعِبَادَۃُ۔))[رواہ الترمذی] ’’ دعا ہی اصل عبادت ہے۔‘‘ اللہ تعالیٰ کا فرمان گرامی ہے: ﴿وَاَنَّ الْمَسٰجِدَ لِلّٰهِ فَلَا تَدْعُوْا مَعَ اللّٰہِ اَحَدًا﴾[الجن:۱۸] ’’اور یہ کہ بلاشبہ مساجد اللہ کے لیے ہیں، پس اللہ کے ساتھ کسی کو مت پکارو۔‘‘ دعاکی اقسام: دعا کی دو اقسام ہیں: ۱۔ دعاعبادت:… اس سے مقصودانسان کا ہر وہ عمل ہے جس سے وہ اپنے رب کی عبادت کرتا ہو۔اس کی مثال: نماز پڑھنا، حج کرنا، صدقہ دینا روزہ رکھنا۔ ^:اس کانام دعا رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ:ان میں طلب[دعا]کا معنی پایا جاتا ہے۔ گویا کہ انسان جب یہ اعمال بجا لاتا ہے تو وہ اپنے اعمال کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے دعا کررہا ہوتا ہے کہ اللہ اس پر اس عبادت کی وجہ سے رحم کرے، اوراسے جنت میں داخل کردے۔ ۲۔ دعا سوال:… اس سے مقصود ہر وہ دعا ہے جس میں سوال اور طلب ہو۔ مثلاً یہ دعا کرنا: اے اللہ! مجھ پر رحم کر۔ میرے رب مجھے معاف کردے؛ میری بگڑی بنادے۔
Flag Counter