Maktaba Wahhabi

187 - 222
سیدنا قتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: ہم نے سیدنا عباس رضی اللہ عنہ سے کہا: آپ نے جو بات کہی ہے، ہم نے سن لی ہے۔ اے اللہ کے رسول! آپ ارشاد فرمائیں اور اپنے لیے اور اپنے رب کے لیے جو چاہیں ہم پر عائد کریں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بات شروع کی، قرآن کریم کی تلاوت فرمائی اور ہمیں اسلام کی ترغیب دی، پھر فرمایا: ((أُبَایِعُکُمْ عَلٰی أَنْ تَمْنَعُونِي مِمَّا تَمْنَعُونَ مِنْہُ نِسَائَکُمْ وَ أَبْنَائَکُمْ)) ’’میں تم سے اس بات پر بیعت لیتا ہوں کہ تم نے میری اسی طرح حفاظت کرنی ہے جیسے تم اپنے اہل و عیال کی حفاظت کرتے ہو۔‘‘ [1] قتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں بیعت کے لیے اٹھنے لگا تو مجھ سے پہلے براء بن معرور رضی اللہ عنہ کھڑے ہوگئے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دست مبارک پکڑ لیا اور کہنے لگے: اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق دے کر مبعوث فرمایا ہے! ہم ضرور آپ کی حفاظت اسی طرح کریں گے جیسے ہم اپنی عورتوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ اے اللہ کے رسول! ہم آپ کے ہاتھ پر بیعت کرتے ہیں۔ اللہ کی قسم! ہم جنگجو لوگ ہیں اور اسلحے کے دھنی ہیں۔ یہ اسلحہ اور بہادری ہمیں ہمارے آباء و اجداد سے ورثے میں ملی ہے۔ حضرت براء رضی اللہ عنہ ابھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بات کررہے تھے کہ ان کی بات کاٹتے ہوئے ابوالہیثم بن تیہان رضی اللہ عنہ کہنے لگے: اے اللہ کے رسول! ہمارے اور لوگوں (یہود) کے درمیان معاہدہ ہے جسے ہم ختم کرنے جارہے ہیں کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم یہود سے معاہدہ بھی توڑ دیں اور اللہ تعالیٰ آپ کو غلبہ عطا کرے تو آپ ہمیں چھوڑ کر اپنی قوم میں واپس آجائیں؟
Flag Counter