Maktaba Wahhabi

116 - 144
دسواں جملہ یاعبادی!إنما ھی أعمالکم أحصیھا لکم، ثم أوفیکم إیاھا ، فمن وجد خیرا فلیحمد اللہ ، ومن وجد غیر ذلک فلا یلومن إلا نفسہ. (اللہ تعالیٰ بندوں کے اعمال کوشمار کررہاہے) اے میرے بندو!تمہارے اعمال ہی ہیں جنہیں میںتمہارے لئے شمار کررہا ہوں،پھر ان اعمال کا تمہیں پوراپورا بدلہ دونگا،لہذا جوشخص اپنے اعمال میں نیکیاں پاتا ہے وہ خوب اللہ تعالیٰ کا شکراداکرتارہے ،اورجوشخص برائیاں پاتاہے وہ صرف اپنے آپ کو ملامت کرتارہے۔ یہ اس حدیثِ مبارک کا آخری جملہ ہے ،جوہمیں بہت زیادہ غور وفکر کی دعوت دیتاہے،اس جملہ میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں دوخبریں دی ہیں: ایک یہ کہ ہمارے یعنی تمام انسانوںکے ،وہ مسلمان ہوں یا کافر،صالح ہوں یافاسق جملہ اعمال شمار کیے جارہے ہیں،شمار کرنے والاخود اللہ تعالیٰ ہے،جس سے زمین وآسمان کی کوئی شیٔ مخفی نہیں ہے،اللہ تعالیٰ نے شمار کرنے کے اس عمل کو حصریہ انداز سے بیان فرمایا ہے؛کیونکہ جملہ کاآغاز کلمہ(إنما) سے ہوا ہے،جو حصر کا معنی دیتاہے،جس سے معاملہ مزید مؤکد ہوجاتاہےاور اس کی سنگینی مزیدبڑھ جاتی ہے۔
Flag Counter