Maktaba Wahhabi

187 - 402
ہمارے مرحوم دوست مولانا عبدالسلام کیلانی نے علما اکیڈمی بادشاہی مسجد لاہور میں چند سال تدریسی فرائض انجام دیے،بعد میں وہ سالہا سال تک افریقہ کے پسماندہ ملک یوگنڈہ وغیرہ میں وعظ و تبلیغ اور اشاعتِ دین کا کام کرتے رہے۔مولانا کیلانی ایک معروف علمی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے،اس خاندان کی دینی خدمات کا دائرہ ماشاء اﷲ بہت وسیع ہے۔تصنیف و تالیف کی بہت بڑی علمی خدمت جن میں امتیازی حیثیت رکھتی ہے۔ مولانا کیلانی ایک جلیل القدر عالمِ دین تھے،وہ علمی وقار کے ساتھ حلیم الطبع اور انتہائی خلیق و ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔قحط الرجال کے اس دور میں ان کا وجودِ گرامی بسا غنیمت تھا۔ذہانت و فطانت اور حکمت و دانش کے اعتبار سے بھی وہ ایک وسیع النظر عالم تھے،جن سے مستفید ہو کر ملک اور بیرونِ ملک کے بیشتر لوگوں نے اپنے قلب و ذہن کی دنیا بدلی۔حدیث و متعلقاتِ حدیث پر انھیں اپنے نامور اور علم و عمل کے پہاڑ اساتذہ کی طرح عبور حاصل تھا،مگر اس وصفِ بلند کے باوجود وہ تحمل اور بردباری کے لحاظ سے سلف صالحین کی قدیمی روایات کے امین تھے۔ دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کی ان اوصافِ حمیدہ اور عظیم خدماتِ دینیہ پر جنت الفردوس میں بلند مراتب عطا فرمائے اور بشری لغزشوں سے درگزر فرمائے۔ ٭٭٭
Flag Counter