Maktaba Wahhabi

93 - 315
اللہ تعالیٰ کی صفاتِ کمال کی چند جھلکیاں اب نمونے کے طور پر چند مثالیں اللہ تعالیٰ کی صفاتِ کمال کی آپ کے سامنے پیش کرتے ہیں: ٭ کامل علم اللہ تعالیٰ ہی کے پاس ہے، اللہ تعالیٰ ہر چیز کو ہر وقت ہر حالت میں پوری طرح سے جانتا ہے اور اس کے علم سے کوئی چیز باہر یا خارج نہیں، اس کا فرمان ہے: ﴿ وَعِنْدَهُ مَفَاتِحُ الْغَيْبِ لَا يَعْلَمُهَا إِلَّا هُوَ وَيَعْلَمُ مَا فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَمَا تَسْقُطُ مِنْ وَرَقَةٍ إِلَّا يَعْلَمُهَا وَلَا حَبَّةٍ فِي ظُلُمَاتِ الْأَرْضِ وَلَا رَطْبٍ وَلَا يَابِسٍ إِلَّا فِي كِتَابٍ مُبِينٍ ﴾ ’’اور غیب کی کنجیاں اسی کے پاس ہیں، انھیں اس کے سوا کوئی نہیں جانتا اور وہ جانتا ہے جو کچھ بھی خشکی میں ہے اور تری میں ہے، کوئی پتا تک نہیں گرتا جسے وہ جانتا نہ ہو اور زمین کے اندھیروں میں کوئی دانہ ہے نہ کوئی تر چیز اور نہ کوئی خشک چیز مگر وہ واضح کتاب میں (لکھی ہوئی) ہے۔‘‘[1] ایک مقام پر یوں ارشاد فرمایا: ﴿قُلْ يُحْيِيهَا الَّذِي أَنْشَأَهَا أَوَّلَ مَرَّةٍ وَهُوَ بِكُلِّ خَلْقٍ عَلِيمٌ ﴾ ’’آپ کہہ دیجیے: انھیں وہی (اللہ) زندہ کرے گا جس نے انھیں پہلی بار پیدا کیا اور وہ ہر طرح پیدا کرنے کو خوب جانتا ہے۔‘‘[2] ایک جگہ یوں ارشاد فرمایا: ﴿وَيَضْرِبُ اللّٰهُ الْأَمْثَالَ لِلنَّاسِ وَاللّٰهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ ﴾ ’’اوراللہ لوگوں کے لیے مثالیں بیان کرتا ہے اور اللہ ہرچیز کو خوب جانتا ہے۔‘‘[3] ٭ اللہ تعالیٰ ہی ہر چیز پر کامل قدرت رکھتا ہے، اللہ تعالیٰ ہر چیز کی ایجاد و فنا پر کامل قدرت رکھتا ہے، چنانچہ اس کا فرمان ہے:
Flag Counter