Maktaba Wahhabi

149 - 444
بلاشک و شبہ ضرور ہوتا ہے ، مگر ہمیں اُس نزول کی کیفیت معلوم نہیں۔‘‘ [1] اہل السنۃ والجماعۃ اہل الحدیث کے ایک اور امام جناب نعیم بن حماد الخزاعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ((مَنْ شَبَّہَ اللّٰہَ ، بِخَلْقِہِ فَقَدْ کَفَرَ، وَ مَنْ اَنْکَرَ مَا وَصَفَ بِہِ نَفْسَہُ فَقَدْ کَفَرَ، وَلَیْسَ مَا وَصَفَ بِہِ نَفْسَہُ وَلَا رَسُوْلُہُ تَشْبِیْھًا۔)) [2] ’’جس شخص نے بھی اللہ عزوجل کی اُس کی کسی مخلوق سے تشبیہ دی اس نے بالتحقیق کفر کیا۔ اور جس آدمی نے اُس کی صفت کا انکار کیا جسے اللہ رب العالمین نے اپنی ذاتِ اقدس کے لیے بیان فرمایا ہو ، تو اُس نے بھی کفر کیا۔ (وہ بھی کافرہے۔) اور اللہ عزوجل کی جس صفتِ عالیہ و مقدسہ کو اللہ عزوجل نے خود یا اُس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمایا ہے ، وہ قطعاً کوئی تشبیہ نہیں ہے۔‘‘ بعض آئمہ سلف صالحین نے یوں فرمایا ہے: ((قَدَمُ الْاِسْلَامِ لَا تَثْبُتُ اِلَّا عَلیٰ قَنْطَرَۃِ التَّسْلِیْمِ۔)) [3] ’’اسلام میں بھلائی کی اوّلیت و فوقیت والے لوگ (صحابہ کرام و تابعین عظام رضی اللہ عنہم عقیدہ و منہج اور عبادات و معاملات والی مکمل شریعت مطہرہ کے سامنے) سر تسلیم خم کرنے والی مضبوط ڈاٹ کے ساتھ ہی مضبوط و مستحکم رہا کرتے تھے۔‘‘ (خیر القرون کے یہ اصحاب اطہار و اخیار بلا تکییف و تمثیل اور بغیر تاویل و تحریف کے ہمیشہ قرآن و سنت کے سامنے جھکے رہتے تھے۔)
Flag Counter