Maktaba Wahhabi

93 - 234
مطلق غنا[یعنی بے نیازی] ؛ اور مطلق تصرف ہے۔ اوریہ کہ عبادت بجالانے اور معبود بنائے جانے کا مستحق اللہ تعالیٰ کے علاوہ دوسرا کوئی نہیں ہوسکتا۔ پس جو کوئی مخلوق میں سے کسی ایک کی شان میں غلو کرتاہے؛اور ان مذکورہ بالا امور میں سے کوئی ایک چیز اس کے لیے تسلیم کرتا ہے؛ تو یقیناً وہ اس کو اللہ رب العالمین کے برابر قرار دیتا ہے۔ یہ سب سے بڑا شرک ہے۔ جان لیجیے کہ حقوق تین اقسام کے ہیں: ۱۔وہ حق جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ خاص ہے؛ جس میں کوئی ایک بھی اس کا شریک نہیں ہوسکتا۔ وہ معبود بنانا؛ اور صرف اس ایک وحدہ لاشریک کے لیے عبادت بجا لانا۔محبت خوف اور امید سے اس کی طرف رغبت رکھنا اور رجوع کرنا۔ ۲۔وہ حق جو مرسلین کے لیے خاص ہے؛ یعنی ان کی توقیر بجالانا ؛ اور ان کی عزت کرنا؛ اور ان کے خاص حقوق ادا کرنا۔ ۳۔مشترکہ حق: یعنی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانا؛ اللہ تعالیٰ اوررسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرنا اور اللہ اور رسول سے محبت رکھنا۔ لیکن یہ حق اصل میں اللہ تعالیٰ کا ہے؛ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حق اللہ تعالیٰ کے حق کے تابع ہے۔ اہل حق ان تینوں حقوق کے مابین فرق کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ پس وہ دین کو اللہ تعالیٰ کے لیے خالص کرتے ہوئے اس کی بندگی کرتے ہیں۔اور اللہ کے رسولوں او راولیاء کا حقوق کے بھی ان کے مراتب ومنازل کے اعتبار سے ادا کرتے ہیں۔ واللہ اعلم۔
Flag Counter