Maktaba Wahhabi

71 - 440
وَنَقُوْلُ کَمَا قَالَ وَنَصِفُہ بِمَا وَصَفَ بِہِ نَفْسَہُ، لَا نَتَعَدّی ذَالِکَ وَلَا یَبلغُہ وَصْفُ الْوَاصِفِیْنَ ۔ ترجمہ…: اور ہم ویسے ہی کہتے ہیں جیسے اس نے فرمایا ہے۔ اور اس کے وہی اوصاف بیان کرتے ہیں جو خود اس نے اپنے لیے بیان کیے ہیں۔ ہم اس سے تجاوز نہیں کرتے اور نہ ہی صفات بیان کرنے والے اس کا حق ادا کرسکتے ہیں۔ تشریح…: ہم بھی وہی کچھ کہتے ہیں جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ﴿لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْئٌ وَہُوَ السَّمِیْعُ البَصِیْرُ﴾ (الشوریٰ:۱۱) ’’اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔‘‘ اس آیت کو ہم اسماء و صفات باری تعالیٰ کے باب میں قاعدہ بناتے ہیں اور اس کے ذریعے مُشَبّہہ اور مُعَطِّلہ کا ردّ کرتے ہیں۔ ہم خالق کائنات کی وہی صفات بیان کرتے ہیں جو اس نے خود بیان فرمائی ہیں یا اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے بتلائی ہیں۔ ہم ان سے تجاوز نہیں کرسکتے کیونکہ یہ توقیفی[1] مسئلہ ہے اس میں ذاتی عقل و سمجھ اور پسند و ناپسند کا کوئی دخل نہیں۔ کوئی شخص بھی اللہ تعالیٰ کی کماحقہ صفات بیان نہیں کرسکتا۔ صرف اللہ تعالیٰ خود ہی اپنی صفات بیان کرسکتا ہے یا اس کا نبی اس کی صفات بیان کرتا ہے۔ ساری مخلوق میں سے کوئی غیر نبی اللہ تعالیٰ کی صفات بیان کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ لَا یُحِیْطُوْنَ بِہٖ عَلْمًا﴾ (طٰہ:۱۱۰) ’’اور وہ علم سے اس کا احاطہ نہیں کرسکتے۔‘‘ ﴿وَ لَا یُحِیْطُوْنَ بِہٖ﴾ سے مراد یہ ہے کہ لوگ اللہ تعالیٰ کا احاطہ نہیں کرسکتے۔
Flag Counter