Maktaba Wahhabi

135 - 234
10۔ سورہ توبہ کی آیت میں مذکورہ آٹھ اشیاء جس شخص کو اپنے دین سے زیادہ پیاری ہوں، اس کے لیے سخت عذاب کی وعید ہے۔ 11۔ اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ کسی کا اپنے باطل معبود سے اللہ تعالیٰ کی سی محبت رکھنا بھی شرک اکبر ہے۔ اس باب کی شرح: کچھ لوگ اللہ کے علاوہ معبود بنالیتے ہیں … توحید کی اصل بنیاد اور اس کی روح اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے خالص محبت ہے؛ جو اس کی بندگی اور عبودیت کی جڑ ہے۔بلکہ عبادت کی حقیقت ہی محبت ہے۔ اور انسان کی توحید اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتی جب تک رب سے اس کی محبت کامل نہ ہو۔ اوراللہ کی محبت ہر محبوب کی محبت سے مقدم اور اس پر غالب ہو۔ اوراس محبت کی روشنی میں سارے نہ فیصلے ہوتے ہوں ؛ یعنی انسان کی اپنے ہر محبوب سے محبت اللہ تعالیٰ کی محبت کے تابع ہو؛ اسی میں بندے کی سعادت اور کامیابی ہے۔ اس کی ایک شاخ اور اسے مکمل کرنے والی چیز اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے محبت ہے۔ پس انسان ہر اس عمل اور فرد سے محبت رکھے؛ جس سے اللہ تعالیٰ محبت رکھتے ہوں ؛ اور ہر اس شخص اور عمل سے بغض رکھے جسے اللہ تعالیٰ نا پسند کرتے ہوں۔ اور اللہ تعالیٰ کے دوستوں سے دوستی رکھے؛ اور اس کے دشمنوں سے دشمنی رکھے۔ اس طرح انسان کا ایمان اور توحید مکمل ہو جاتے ہیں۔ رہ گیا معاملہ مخلوق میں سے شریک بنانے کا؛ کہ ان سے یوں محبت کی جائے جیسے اللہ تعالیٰ سے محبت کی جاتی ہے؛ اور ان کی اطاعت کو اللہ تعالیٰ کی محبت پر مقدم رکھے؛ ان کو پکار کر اور ان کے ذکر میں خوشی محسوس کرے؛ تو یقیناً یہ وہی شرک ہے جسے اللہ تعالیٰ معاف نہیں کریں گے۔ اور ایسی محبت کرنے والے کا دلی تعلق اللہ تعالیٰ عزیز و حمید کی ہستی سے منقطع ہوجاتاہے۔ اور ان چیزوں سے اس کا دل لگ جاتا ہے جوکسی بھی چیز کے کچھ بھی مالک نہیں ہے۔ یہ واسطہ و سیلہ بھی انتہائی کمزور ہوتا ہے جسے مشرکین نے اپنایا ہوتا ہے؛ اور بروز قیامت جب انسان اپنے اعمال کا بہت ہی زیادہ محتاج ہوگا؛ اور اس وقت یہ سارے واسطے وسیلے دم توڑ جائیں گے؛ اور آج کی یہ محبت اور دوستی اس وقت نفرت اور دشمنی میں بدل جائے گی۔ محبت کی اقسام: جان لیجیے کہ محبت کی تین اقسام ہیں: ۱۔ اللہ تعالیٰ کی محبت: یہ ایمان اور توحید کی اصل بنیاد ہے۔ ۲۔ اللہ کے لیے محبت: جیسے اللہ تعالیٰ کے انبیاء و مرسلین ؛اور ان کے اتباع کی محبت ؛ اور ان اعمال ؛ افعال ؛ جگہوں اور اوقات اور دیگر چیزوں سے محبت جن سے اللہ تعالیٰ محبت کرتے ہیں۔ یہ محبت اللہ تعالیٰ کی محبت کے تابع اور اسے مکمل کرنے والی ہوتی ہے۔
Flag Counter