Maktaba Wahhabi

422 - 665
علوم اثریہ(جہلم) کے انتظامی معاملات سے خاص طور پر دلچسپی رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی عمر دراز کرے اور انھیں کتاب و سنت کی خدمت کی زیادہ سے زیادہ توفیق عطا فرمائیے۔ 3۔۔۔حافظ عبدالحمید عامر: حافظ عبدالغفور جہلمی مرحوم و مغفور کے تیسرے فرز ند گرامی حافظ عبدالحمید عامر ہیں۔ مدینہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔ بڑے بھائی کی وفات کے بعد جامعہ علوم اثریہ کے تمام شعبوں کے انتظامی امور کی نگرانی کا بوجھ ان کے کندھوں پر ہے۔ یہ جامعہ کے مدیر اور مہتمم ہیں۔ اساتذہ کے ساتھ معاملات، طلبا کی دیکھ بھال، تعلیمی امور، امتحانات کا سلسلہ مختلف مواقع پر اجتماعات کا انعقاد، ماہنامہ”حرمین“کی ادارت خرچ اخراجات کے انتظامات، کتب خانے کا انصرام وغیرہ تمام امور بحیثیت مدیر جامعہ حافظ عبدالحمید عامر کے سپرد ہیں۔ مجھے پہلی مرتبہ جامعہ کی عمارت میں جانے اور اس کے مختلف شعبوں سے با خبر ہونے کا موقع انہی کے زمانہ اہتمام میں ملا۔نہ اس کے بانی حافظ عبدالغفور کے عہد میں حاضر ہو سکا اور نہ مولانا محمد مدنی کے دور میں وہاں جانا نصیب ہوا۔حافظ عبدالحمید عامر نے بذریعہ ٹیلی فون دعوت دی تو کوئی عذر یا بہانا ذہن میں نہ آیا اور حاضر ہو گیا۔اس موقعے پر اثریہ ہسپتال بھی دیکھا، کتب خانہ بھی دیکھا، طلبا کا دار الاقامہ بھی دیکھا، لڑکیوں کا مدرسہ بھی دیکھا، مہمان خانہ بھی دیکھا، مسجد بھی دیکھی۔ پرانی مسجد میں بھی گیا۔ماشاء اللہ بہت اچھا انتظام ہے، بہت بڑا دارالعلوم ہے۔ اساتذہ، طلبا اور دیگر حضرات سے مل کر نہایت مسرت ہوئی۔ اتنے بڑے ادارے کا انتظام اور اس کی دیکھ بھال بڑی ہمت کاکام ہے۔ اللہ تعالیٰ حافظ عبدالحمید عامر اور ان کے رفقائے کارکو صحت و عافیت سے رکھے، وہ نہایت مستعدی سے یہ خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔سعودی عرب کی طرف سے حافظ عبدالحمید عامر کی حیثیت مبعوث کی ہے۔وہ عربی اور اُردو میں مہارت رکھتے ہیں اور دونوں زبانوں میں تحریر و خطابت کی صورت میں اپنے نقطہ نظر کا آسانی سے اظہار کر سکتے ہیں اور کرتے ہیں۔یہ اللہ تعالیٰ کا ان پر بہت بڑا احسان ہے وہ قرآن کا درس بھی دیتے ہیں، جمعہ بھی پڑھاتے ہیں اور اپنے مرحوم والد کی طرح لوگوں سے میل جول بھی رکھتے ہیں۔ 4۔۔۔حافظ احمد: حافظ عبدالغفور کے چوتھے فرزند دلبند ہیں۔جامعہ اسلامیہ گوجرانوالہ میں تعلیم پائی اور وہیں سے سنداً فراغت لی۔ جامعہ علوم اثریہ میں خدمت تدریس پر مامور ہیں اور حسن و خوبی کے ساتھ یہ اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ 5۔۔۔حافظ عبدالرؤف: صالح باپ کے صالح بیٹے حافظ عبدالرؤف جامعہ اثریہ للبنات کے دفتری امور انجام دیتے ہیں۔ان کی اہلیہ درس نظامیہ کی سند یافتہ ہیں اور وہ جامعہ کی طالبات کی نگران ہیں۔
Flag Counter