Maktaba Wahhabi

90 - 195
(۵۵) نیکی کے کام برے انجاموں سے بچاتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:’’نیکی کے کام برے انجاموں سے بچاتے ہیں۔اور خفیہ طور پر صدقہ رب تعالی کے غضب کو بجھاتا ہے۔اور صلہ رحمی سے عمر میں اضافہ ہوتا ہے۔اور نیکی کا ہر کام صدقہ لکھا جاتا ہے۔اور جو لوگ دنیا میں اچھے ہوتے ہیں وہی آخرت میں بھی اچھے تصور کئے جائیں گے۔‘‘[رواہ الطبرانی وصححہ الألبانی ] (۵۶) چار آسان کام جنت کا مستحق بنا دیتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’آج تم میں سے کس نے روزہ رکھا ہوا ہے؟ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا:میں نے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’آج تم میں سے کون نمازِجنازہ میں اور میت کی تدفین میں شریک ہوا؟ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا:میں شریک ہوا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’آج تم میں سے کس نے کسی مسکین کو کھانا کھلایا؟ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا:میں نے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’آج تم میں سے کس نے مریض کی عیادت کی ؟ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا:میں نے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’یہ کام جس شخص میں (ایک دن کے دوران) جمع ہو جائیں وہ یقینا جنت میں داخل ہو گا۔‘‘[رواہ مسلم ] امام قرطبی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ جو شخص زندگی میں چاہے ایک ہی بار یہ چاروں کام ایک دن میں کر لے تو اسے یہ فضیلت حاصل ہو جائے گی۔
Flag Counter