Maktaba Wahhabi

615 - 665
جامعہ اسلامیہ(مدینہ منورہ) کی طرف سے جامعہ تعلیمات اسلامیہ فیصل آباد میں تدریس کا سلسلہ شروع کیا۔انہی ایام میں مولانا عبدالغفارحسن صاحب بھی مدینہ منورہ سے پاکستان تشریف لے آئے اور ان کی نگرانی میں سہیل حسن صاحب تین سال جامعہ تعلیمات اسلامیہ(فیصل آباد) میں تدریسی اور انتظامی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔ تین سال بعد 1984ء؁میں جامعہ اسلامیہ(مدینہ منورہ) کی طرف سے یہ سلسلہ ختم ہوگیا تو وزارت شؤن اسلامیہ سعودی عرب کی طرف سے ان کی تقرری جامعہ اسلامیہ عالمیہ اسلام آباد میں کردی گئی، چنانچہ وہ اسلام آباد میں منتقل ہوگئے۔شروع میں کلیۃ الشریعہ، القانون میں پڑھاتے بھی رہے اورانتظامی ذمہ داریاں بھی ان کے سپرد رہیں۔اس اثناء میں ایک زیرتربیت گروپ کے ساتھ مصر اور سعودی عرب کادورہ کیا۔ 1990ء؁ میں ادارہ تحقیقات اسلامی(اسلام آباد) میں بطوراسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ قرآن وحدیث میں تقرری ہوئی اورتدریس کے ساتھ تحقیق کا کام بھی کرنے لگے۔ 1993ء؁ میں جامعہ امام محمد بن سعود(ریاض) میں جامعہ اسلامیہ کےاساتذہ کے لیے پی ایچ ڈی سکالر شپ پیش کیے گئے اوراس میں سہیل حسن صاحب کانام بھی آیا اور اس طرح تعلیمی مدارج کی تکمیل کے لیے وہ ریاض گئے۔ریاض میں چار سال کی تعلیم کے بعدانھیں پی ایچ ڈی کی ڈگری ملی اور وہ ڈاکٹر سہیل حسن ہوگئے۔پاکستان واپس آکر حسب سابق ادارۂ تحقیقات اسلامی میں کام شروع کیا اور اس دوران وہ ایسوسی ایٹ پروفیسر کے منصب پر پہنچے۔ چند سال پہلے کلیۂ اصول الدین میں تدریسی ذمہ داریاں بھی ان پر ڈال دی گئیں۔اب وہ تحقیقی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ شعبہ حدیث میں ڈاکٹرفضل الٰہی کے زیر صدارت تدریس کا فریضہ بھی انجام دے رہے ہیں۔ ان مختصر مگر ضروری حالات کے بعد ملاحظہ ہوں ڈاکٹر سہیل حسن کے اساتذہ کرام کےاسمائے گرامی: 1۔ان کےاوّلیں استاذ تو ان کے والد مکرم مولانا عبدالغفار حسن صاحب ہیں۔اگرچہ انھیں اپنے والد سے باقاعدہ تلمذ کا شرف حاصل نہیں ہوسکا، تاہم عمومی دروس اوروعظ ونصیحت کے ذریعے ان سے مستفید ہونے کے بیشمار مواقع میسر آئے۔وہ اپنے والد کے بے حد دینی شغف اورمعتدل مزاجی سے بے حد متاثر ہیں۔نیزان میں تعلیم وتعلم کا جو جذبہ پایاجاتا ہے، وہ ان کے لیے ہرموقعے پر مشعل راہ ثابت ہوا۔ ڈاکٹر سہیل حسن صاحب کی تعلیم کا تمام عرصہ سعودی عرب میں گزرا ہے، اس لیے ان کے اساتذہ سعودی عرب، مصر، شام، عراق، فلسطین اور یمن سے تعلق رکھتے ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں:
Flag Counter