Maktaba Wahhabi

93 - 168
۵: بوقتِ موت [لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ] کہنے کی برکات: ا: غم کا چھٹنا اور رنگ کا چمکنا: امام احمد نے طلحہ بن عبید اللہ سے روایت نقل کی ہے ،کہ یقینا عمر رضی اللہ عنہما نے انہیں غمگین دیکھا ، تو دریافت کیا :’’ اے ابو محمد! غمگین کیوں ہو؟ شاید تم چچا زاد بھائی [یعنی ابو بکر رضی اللہ عنہ ] کی امارت سے ناخوش ہو؟‘‘ انہوں نے جواب دیا:’’ نہیں۔‘‘ انہوں نے ابو بکر رضی اللہ عنہ کی تعریف کرتے ہوئے بیان کیا ،کہ [اصل] بات یہ ہے ، کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ’’ ایک کلمہ ایسا ہے ،کہ موت کے وقت اسے کہنے والے شخص کا غم اللہ تعالیٰ دور فرما دیتے ہیں اور اس کا رنگ روشن کر دیتے ہیں۔‘‘ اس کے متعلق میں نے صرف اس خیال کی بنا پر استفسار نہ کیا ،کہ میں کسی بھی وقت اس کے متعلق دریافت کر سکتا ہوں، یہاں تک کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم انتقال فرما گئے۔‘‘ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:’’بلاشبہ مجھے اس [کلمہ] کا علم ہے۔‘‘ حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ نے ان سے دریافت کیا:’’ وہ کون سا ہے؟‘‘ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’کیا آپ کے علم میں کوئی ایسا کلمہ ہے ،جو اس کلمہ سے زیادہ عظمت والا ہو، جس کا حکم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے چچا کو دیا؟ اور وہ کلمہ [لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ] تھا۔‘‘ حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا:’’ واللہ! یہی وہ [کلمہ] ہے ۔‘‘[1]
Flag Counter