Maktaba Wahhabi

190 - 391
مختصر الخلافیات بحمد للہ زیورِ طبع سے آراستہ ہو چکی ہے اور اس کے (۲/۹۰) پر اس روایت کا ذکر ہے۔ اصلاً ’’الخلافیات‘‘ کی تاحال صرف تین جلدیں شائع ہوئی ہیں۔ جس میں کتاب الطہارۃ مکمل نہیں ہے۔ یہ روایت مدعیان نسخ کے لیے زہرِ ہلاہل ہے اس لیے نصب الرایہ کے محشی نے اور اسی سے دیگر حضرات نے اس کی سند پر تنقید کی ہے، جس کا جواب بھی حضرت شاہ صاحب نے دیا ہے۔ جلاء العینین کو اس کے بعد ’’مؤسسۃ الکتب الثقافیۃ‘‘ بیروت نے شائع کیا۔ مگر ظلم یہ کیا ہے کہ اس سے ادارۃ العلوم الاثریہ کا نام کلمۃ الناشر، حتی کہ موضوعات کی فہرست بھی حذف کر دی۔ اپنی طرف سے کلمۃ الناشر لکھ کر مطبعی حقوق کے ٹھیکے دار بن گئے۔ تصحیح اغلاط کا بہانہ بنا کر اسے شائع کرنے والوں نے حضرت مولانا فیض الرحمان الثوری کو ’’النوری‘‘ لکھا جب کہ باقی فوٹو کاپی میں ’’الثوری‘‘ ہی ہے۔ فإلی اللّٰه المشتکی۔ اس ساری صورت واقع کی اطلاع اس ناچیز کو مولانا برق التوحیدی حفظہ اللہ نے اپنے ایک مکتوب میں دی، جو انھوں نے ۲۰ مئی ۱۹۹۱ء میں لکھا۔ موصوف ان دنوں الجامعۃ الاسلامیہ مدینہ طیبہ میں تھے۔ اس کے بعد ایک نئے اسلوب میں جلاء العینین طبع ہوئی۔ شیخ بدر البدر حفظہ اللہ کو امام بخاری کی جزء رفع الیدین کا ایک خطی نسخہ دار الکتب القاہرہ سے ملا۔ جو حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے نسخہ سے منقول تھا۔ اس میں دو اثر ایسے بھی ہیں جو سابقہ مطبوعہ نسخوں میں نہیں۔ شیخ بدر البدر نے اسی نسخہ کے مطابق روایات و آثار کی ترقیم کی اور حواشی میں جلاء العینین کو حسبِ حال نقل کیا اور اس میں آیات قرآن، احادیثِ مبارکہ اور روایات میں وارد شدہ رجال و اسماء کی فہارس کا اضافہ کر دیا، جزاہ اللّٰه أحسن الجزاء۔
Flag Counter