Maktaba Wahhabi

73 - 213
’’ولایزال المرء یکذب حتی یکتب عندﷲ کذابا‘‘ اور ایک شخص اپنی زندگی میں ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے،حتی کہ اللہ تعالیٰ یہ حکم دے دیتا ہے کہ اس شخص کوکذاب لکھ دو، اب وہ دنیا میں جتنا بھی معتبر ہواورجھوٹوں کاسہارا لے کر جتنا بھی اپنا سکہ قائم کرلے، لیکن وہ آسمانوں میں کذاب مشہورہوجاتاہے، فرشتوں کی لسٹ میں کذاب ہوتاہے، جس کیلئے بڑابھیانک عذاب ہے، اس کا عذاب تو عالم برزخ سے شروع ہوجاتاہے۔ جھوٹ کاخوفناک انجام: سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے مروی ،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک طویل حدیث ہے کہ آپ نے ایک خواب دیکھا، وہ خواب صحابہ کوسنایا، اس کا ایک حصہ یہ بھی ہے کہ فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک ایسے شخص کے پاس لے گئے، جو چت لیٹاہواہے اور اس پر ایک شخص سوار ہے:’’بیدہ کلوب من حدید‘‘ اس کے ہاتھ میں لوہے کا ایک نوک دارکنڈا ہے، وہ کنڈا اس کے منہ میں ڈالتا ہے اور اس کے منہ کوگدی تک چیرتا جاتاہے،پھر اس کی ناک میں ڈالتا ہے اورناک کوبھی گدی تک چیرتا ہے، پھر اس کی آنکھ میں گھونپ دیتاہے اور اس کوبھی گدی تک چیردیتا ہے، پھر بائیں طرف آجاتا ہے اوربائیں طرف بھی یہی سلوک کرتا ہے،جب وہ اپنے اس پورے عمل سے فارغ ہوتا ہے، تواس کا چہرہ دوبارہ اپنی اصلی حالت میں آجاتا ہے، پھر وہ دوبارہ اس چیرپھاڑ کاعمل شروع کردیتا ہے، یہ شخص چیخ اورچلارہا ہے، اس کی چیخیں گونج رہی ہیں۔
Flag Counter