Maktaba Wahhabi

49 - 331
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ بتاؤ اللہ کی حرام کردہ چیزوں کو اگر وہ حلال کہہ دیتے تو تم اس کو حلال سمجھتے تھے اور اللہ تعالیٰ کی حلال کردہ اشیاء کو اگر حرام کہہ دیتے تو تم اس کو حرام سمجھتے تھے یانہیں؟ سیدنا عدی رضی اللہ عنہ بولے:ہاں ہم ایسا ہی کیا کرتے تھے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہی تو ان کی ’’عبادت‘‘ ہے۔(ترمذی،مسند احمد)۔ وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَّتَّخِذُ مِنْ دُوْنِ اللّٰه اَنْدَادًا یُّحِبُّوْنَھُمْ کَحُبِّ ا للّٰه وَالَّذیْنَ اٰمَنُوْآ اَشَدُّ حُبًّا لِلّٰهِ کچھ لوگ ایسے ہیں جو اللہ کے سوا دوسروں کو اس کا ہم سر اور مدِّ مقابل بناتے ہیں اور ان سے اس طرح محبت کرتے ہیں جس طرح اللہ کے ساتھ محبت ہونی چاہئے۔حالانکہ ایمان رکھنے والے لوگ سب سے بڑھ کر اللہ کو محبوب رکھتے ہیں۔(البقرہ:۱۶۵)۔ ایک مومن کی سب سے بڑی علامت یہ ہے کہ وہ صرف اللہ تعالیٰ سے محبت کرتا ہے اور اس سے محبت کرتا ہے جس سے اللہ تعالیٰ محبت کرتا ہے۔اور اپنے اعمال کو صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے خاص کرلیتا ہے اور اللہ کے سوا جس کی عبادت ہو رہی ہو اس کو ماننے سے انکار کردیتا ہے۔ پس جس شخص کے دل میں قبولِ حق کی معرفت ہوگی وہ ان آیات بینات سے لَآ اِلٰـــہَ اِلَّا اللّٰه کا مفہوم اور معنی اچھی طرح سمجھ لے گا اور توحید کے بارے میں اس کی بصیرت چمک اٹھے گی،جس کی دعوت تمام انبیائے کرام علیہ السلام نے دی ہے۔ زیرِ بحث آیت کریمہ میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کے ساتھ محبت میں کسی کو شریک ٹھہراتا ہے اور اس کو اللہ کے سوا ’’نِد‘‘ قرار دیتا ہے تو گویا اس نے اس کو بصورت محبت اللہ کی عبادت میں شریک بنایا۔یاد رہے یہ بھی اللہ کے مثیل اور شریک بنانے کی ایک شکل ہے جس کو اللہ تعالیٰ معاف نہیں فرمائے گا۔ پس جو شخص اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتا ہے اور اسی کے لئے کسی سے محبت رکھتا ہے تو یہ شخص اپنی محبت میں مخلص ہے۔جو شخص اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتا ہے لیکن اس کے ساتھ دوسروں سے بھی محبت کرتا ہے تو وہ مُشرک ہے۔شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:’’جو شخص قضائے حاجات کے سلسلے میں غیراللہ کی طرف راغب ہوا تو اس کا ظاہر مطلب یہ ہے کہ وہ اس کی محبت کا گرویدہ ہو گیا اور اس باب میں اصل شے اس کی محبت ہی ہے۔‘‘ امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:’’توحید ِ محبوب یہ ہے کہ انسان اپنے کئی محبوب نہ بنائے یعنی اللہ تعالیٰ
Flag Counter