Maktaba Wahhabi

369 - 559
یہ حالت دیکھ کر بہت غصہ آیا اور غصے کی حالت میں اسے طلاق دے دی۔ کیا اس طرح غصہ میں دی ہوئی طلاق ہو جاتی ہے؟ جواب: آج کل اکثر لوگ جب طلاق دے بیٹھتے ہیں تو پھر افسوس کرتے ہوئے طرح طرح کے حیلے سے یہ فتویٰ لینے کی کوشش کرتے ہیں کہ طلاق واقع نہ ہو، ایک عذر اکثر یہ ہوتا ہے کہ میں نے غصے کی حالت میں طلاق دی تھی حالانکہ طلاق غصے میں ہی دی جاتی ہے۔ کوئی بھی عقل مند انسان راضی خوشی طلاق نہیں دیتا۔ اس لیے ہم پہلے غصے کی اقسام بیان کرتے ہیں پھر اصل مسئلہ سے آگاہ کیا جائے گا۔ غصے کی حالتیں حسب ذیل ہیں: ٭ ابتدائی حالت… یہ وہ حالت ہے جس میں غصہ تو ہوتا ہے لیکن اس حالت میں انسان کے ہوش و حواس قائم رہتے ہیں،اسے علم ہوتا ہے کہ میں منہ سے کیا بات کر رہا ہوں۔ ٭ انتہائی حالت… یہ وہ حالت ہے جس میں شدیدغصہ کی وجہ سے انسان کے ہوش و حواس قائم نہیں رہتے اور اسے کوئی علم نہیں ہوتا کہ میں اپنے منہ سے کیا کہہ رہا ہوں۔ ٭ درمیانی حالت… یہ وہ حالت ہے کہ غصہ کی وجہ سے عقل بالکل زائل نہیں ہوتی، تاہم یہ غصہ اس کی قوت فکر پر اس حد تک اثر انداز ضرور ہو جاتا ہے کہ اس دوران کی ہوئی کوتاہی پر بعد میں ندامت ہوتی ہے۔ پہلی حالت میں دی ہوئی طلاق واقع ہوجاتی ہے کیوں کہ اس میں انسان اپنے ہوش و حواس اور عزم و ارادہ سے طلاق دیتا ہے، اس قسم کا غصہ وقوع طلاق کے لیے رکاوٹ نہیں بنتا۔ دوسری حالت میں دی ہوئی طلاق بالاتفاق واقع نہیں ہوتی کیوں کہ حدیث میں ہے: ’’بحالت غلاق نہ طلاق ہوتی ہے اور نہ ہی غلام کو آزادی ملتی ہے۔‘‘[1] امام ابو داؤد رحمہ اللہ نے غلاق کا معنی غصہ ہی کیا ہے، امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے بھی یہی معنی منقول ہے۔ البتہ تیسری حالت میں دی ہوئی طلاق محل اختلاف ہے۔ ہمارا رحجان یہ ہے کہ اس درمیانی حالت میں دی ہوئی طلاق نافذ ہو جاتی ہے کیوں کہ اس حالت میں غصہ دیوانگی کی حد تک نہیں پہنچتا کہ اس حالت میں طلاق دہندہ کو مرفوع القلم قرار دیا جائے۔ صورت مسؤلہ میں اگر سائل واقعی غصہ کی وجہ سے جنونی کیفیت میں تھا اور اسے معلوم نہ تھا کہ میں منہ سے کیا نکال رہا ہوں اور اس کا انجام کیا ہو گا تو ایسی حالت میں طلاق واقع نہیں ہو گی۔ لیکن غصہ کی یہ حالت شاذ و نادر ہی ہوتی ہے، اگر اس کی یہ حالت نہ تھی تو طلاق واقع ہو گئی ہے۔ چونکہ ایک مرتبہ طلاق دی تھی لہٰذا دوران عدت رجوع کیا جاسکتا ہے اور عدت گزر جانے کے بعد بھی تجدید نکاح سے گھر آباد کیا جا سکتا ہے۔ واللہ اعلم!
Flag Counter