Maktaba Wahhabi

336 - 382
(( ثُمَّ لِیُطَلِّقْہَا طَاہِرًا اَوْ حَامِلًا۔)) [1] لیکن حمل کی حالت چونکہ طہر کی حالت ہے جس طرح ایک طہر میں تین طلاقیں دینا بد عمل ہے۔ اسی طرح حالتِ حمل میں مؤخرالذکر دو طلاقیں بھی بدعی شمار ہوں گی۔ اور طلاقِ بدعی کے وقوع میں اہلِ علم کا اختلاف ہے۔ جمہور وقوع کے قائل ہیں جب کہ ان کے بالمقابل دوسرا گروہ عدمِ وقوع کا قائل ہے۔ دلائل دونوں طرف موجود ہیں۔ اس بناء پر فیصلہ میرے خیال میں مصلحتِ زوجین کے پیشِ نظرہونا چاہیے۔ خاوند اگر ظالم ہے تو مؤخر الذکر طلاقوں کو مؤثر قرار دے کر عورت کو کلیۃً نجات دلائی جائے اور اگر معاملہ اس کے برعکس ہے تو صرف پہلی طلاق پر اکتفاء کرتے ہوئے دوبارہ آبادی کا سوچا جا سکتا ہے۔ اب زوجین کے حالات کا قریب سے جائزہ لینا متعلقہ افراد کا کام ہے۔ اہلِ بصیرت و فہم حضرات سے رہنمائی حاصل کر کے اصلح کے حصول کی سعی کرنی چاہیے۔ واﷲ ولی التوفیق۔ مسئلہ طلاق کنائی کا حکم: سوال :میں نے اپنی لڑکی کا نکاح اختر علی ولد محمد شریف سے کیا۔ بارات کے ساتھ لڑکی کو لے گئے۔ حسب ِ رواج دو تین دن کے بعد لڑکی واپس آئی۔ اس کے بعد آج تک نہ اختر علی آیا نہ کوئی قریبی رشتہ دار بھیجا اور نہ ہی ہمیں کہا کہ لڑکی کو چھوڑ جاؤ۔ ہم مطالبہ کرتے رہے۔ کہ لڑکی کو لے جاؤ مگر توجہ تک بھی نہیں کی۔ پھر ہمیں بلاکر پنچایت میں یہ کہہ کر کہ آپ کی لڑکی تو آپ کے پاس ہی ہے۔ ہمارا اس سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ ہم نے چھوڑی ہوئی ہے اور یہ سامان جو آپ نے رخصتی کے وقت دیا تھا واپس لے جاؤ۔ اور گواہان کے سامنے یہ سارا ماجرا ہوا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ شرعی طور پر تو طلاق ہو گئی معلوم ہوتی ہے ۔ اگر دوسری جگہ نکاح کا ارادہ ہو تو اس کے متعلق کوئی عدت گزارنی ہوگی ۔ بہرکیف شریعت محمدیہ کے مطابق جو حکم ہو، جواب مرحمت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔ ( غلام حسین ضلع شیخوپورہ) (۳۰ اگست ۱۹۹۶ء) جواب :صورت ِ سوال سے یہ واضح نہیں کہ اس بات کا قائل کون ہے کہ ہمارااس لڑکی سے کوئی سروکار نہیں۔ اگر تو شوہر ہے تو پھر طلاق کنائی کی صورت ہو گی۔ بصورتِ دیگر طلاق واقع نہیں ہو گی۔ اگر یہ تسلیم کر لیا جائے کہ اس کا قائل شوہر ہے تو پھر دیکھنا ہو گا، ان کلمات کو کہنے سے لے کر اب تک عدت کی تین ماہواریاں مکمل ہو چکی ہیں یا نہیں؟ عدمِ تکمیل کی صورت میں اسے مکمل کرنا ہو گا اور اگر مکمل ہو چکی ہیں تو عورت زوجیت سے آزاد ہے۔ جہاں چاہے باجازت ولی نکاح جدید کر سکتی ہے۔
Flag Counter