Maktaba Wahhabi

42 - 523
{یُرِیْدُ اللّٰہُ لِیُبَیِّنَ لَکُمْ وَیَہْدِیَکُمْ سُنَنَ الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِکُمْ وَیَتُوبَ عَلَیْکُمْ وَاللّٰہُ عَلِیْمٌ حَکِیْمٌo}(النسائ: 26) ’’ اللہ چاہتا ہے کہ(اپنی آیتیں) تم سے کھول کھول کر بیان فرمائے اور تمہیں اگلے لوگوں کے طریقے بتائے اور تم پر مہربانی کرے اور اللہ جاننے والا(اور)حکمت والا ہے۔‘‘ نیز اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کو ایمان کے لیے بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے: {فَلَا وَرَبِّکَ لَا یُؤْمِنُونَ حَتَّیَ یُحَکِّمُوکَ فِیْمَا شَجَرَ بَیْنَہُمْ ثُمَّ لَا یَجِدُوْا فِیْ أَنفُسِہِمْ حَرَجاً مِّمَّا قَضَیْتَ وَیُسَلِّمُوْا تَسْلِیْماًo}(النساء: 65) ’’ تمہارے رب کی قسم! یہ لوگ جب تک اپنے تنازعات میں تمہیں منصف نہ بنائیں اور جو فیصلہ تم کر دو اُس سے اپنے دل میں حرج محسوس نہ کریں بلکہ اُس کو خوشی سے مان لیں تب تک مومن نہیں ہوں گے۔‘‘ حضرت مقدام بن معدی کرب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((أَ لَا وَإِنِّي أُوْتِیْتُ الْکِتَابَ وَ مِثْلَہٗ مَعَہٗ، أَلَاوَ إِنِّي أُوتِیْتُ الْقُرْآنَ وَ مِثْلَہُ، …))[1] ’’آگاہ ہوجاؤ مجھے کتاب اور اس کے ساتھ اس جیسی چیز دی گئی ہے۔ آگاہ ہوجاؤ مجھے قرآن اور اس جیسی چیز دی گئی ہے …‘‘ سو جو آدمی اسلام کا دعوی کرتاہو، اور سنت پر عمل نہ کرتا ہو، وہ مسلمان ہی نہیں ہے اور جو انسان سنت کو جانتا ہے، مگر و ہ اللہ تعالیٰ کے احکام کے سامنے سر تسلیم خم نہ کرتا ہو، اورنہ ہی سنت پر عمل کرتا ہو، تو وہ مسلمان نہیں ہوسکتا۔ مسلمان ہونے کے لیے کتاب و سنت دونوں پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ کتاب و سنت میں کسی طرح بھی تفریق نہیں کی جاسکتی۔ جماعت کی اہمیت 2۔ مصنف رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ((فمن السنۃ لزوم الجماعۃ، فمن رغب عن الجماعۃ وفارقہا فقد خلع رِبقۃَ الإسلام من عنقہ، وکان ضالًا مضلًا۔)) ’’اور سنت میں سے ہے کہ جماعت کو لازم پکڑا جائے۔اور جوکوئی جماعت سے بے رغبتی کرے اور اس سے جدا ہوجائے، تو یقیناً اس نے اسلام کا پٹہ اپنے گلے سے اتار پھینکا۔خود بھی گمراہ ہوا اور دوسروں کو بھی گمراہ کرنے والا بن گیا۔
Flag Counter