Maktaba Wahhabi

116 - 338
’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن تشریف لائے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرۂ مبارک پر مسرّت کے آثار نمایاں تھے۔ فرمایا: میرے پاس جبریل علیہ السلام آئے اور کہا کہ آپ کا ربّ کہتاہے : کیا یہ چیز آپ کو راضی کرنے کے لیے کافی نہیں کہ آپ کی امت میں سے جو کوئی آپ پر ایک مرتبہ درود پڑھے میں اس پر دس رحمتیں بھیجوں گا اور جو آپ پر ایک مرتبہ سلام کہے میں اس پر دس مرتبہ سلامتی نازل کروں گا۔ ‘‘ نیز سنن نسائی اور مسند احمد والی روایت میں ہے: ((مَنْ صَلَّیٰ عَلَیْکَ مِنْ أُمَّتِکَ صَلٰوۃً کَتَبَ الـلّٰـہُ لَـہٗ بِھَا عَشْرَ حَسَنَاتٍ وَ مَحَا عَنْہٗ عَشْرَ سَیِّئَاتٍ وَ رَفَعَ لَہٗ عَشْرَ دَرَجَاتٍ وَ رَدَّ عَلَیْہٖ مِثْلَہَا)) ’’آپ کی امت میں سے جس نے آپ پر ایک مرتبہ درود پڑھا اللہ اسے دس نیکیاں عطا کرے گا، اس کے دس گناہ معاف کرے گا، اس کے دس درجات بلند کرے گا اور جس طرح وہ درودپڑھے ویسے ہی اللہ کی طرف سے جواب بھی پائے گا۔‘‘ اورطبرانی میں ہے: (( یَقُوْلُ الْمَلَکُ: وَ أَنْتَ صَلَّٰی اللّٰہُ عَلَیْکَ)) ’’فرشتہ اس بندے کو کہتا ہے: اللہ تجھ پر بھی درود (رحمتیں ) بھیجے۔‘‘ جبکہ الادب المفرد امام بخاری، سنن نسائی، صحیح ابن حبان، مستدرک حاکم اور مسند احمد میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ارشادِ نبوی ہے: ((مَنْ صَلّٰی عَلَيَّ وَاحِدَۃً صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ عَشْرَ صَلَٰواتٍ، وَ حَطَّ عَنْہُ عَشْرَ خَطِیْئَاتٍ، وَ رُفِعَ لَہٗ عَشْرُ دَرَجَاتٍ)) [1]
Flag Counter