Maktaba Wahhabi

118 - 335
کبھی کبھی مختلف موضوع پر مفید لیکچروں کا انتظام کرے۔ 7۔ مدرسے کی طرف سے طلبا کی علمی و ادبی حیثیت بڑھا نے کی غرض سے عربی و اردو رسائل و اخبارات کا انتظام رہے گا۔ 8۔ متعلقینِ مدرسہ کو دار الحدیث کی لائبریری سے کتب غیر درسی لائبریری کے قواعد کے مطابق لینے کا حق ہوگا۔ 9۔ مدرسے کی جانب سے ایک انجمن ہوگی، جس میں طلبا کو اعلیٰ پیمانے پر تقریر و تحریر اور مناظرے کی مشق کرائی جائے گی۔ عام اجلاسوں کے علاوہ اس انجمن کا ہر تین ماہ پر ایک خصوصی اجلاس ہوا کرے گا، جس میں مدرسے کے علاوہ مقامی علما و سربرآوردہ اصحاب بھی شریک ہوں گے۔ عام اجلاسوں کا صدر ایک مدرس ہوا کرے گا اور خصوصی اجلاسوں کا صدر مقامی اہلِ علم میں سے کسی معززشخص کو مقرر کیا جائے گا، ان خصوصی اجلاسوں میں مختلف مضامین تقریری و تحریری عربی و اردو نظم و نثر وغیرہ ہوں گے، جن کا انتخاب مدرسہ کرے گا۔ صدر کے فیصلے سے جو طالب علم تقریر و تحریر میں اول رہے گا، اس کو مناسب انعام دیا جائے گا۔ خصوصی اجلاس میں پہلی جماعت سے پانچویں تک کے طلبا کی اردو میں تقریریں اور تحریریں ہوں گی اور چھٹی جماعت سے لے کر آٹھویں تک کے طلبا کی تحریریں اور تقریریں عربی میں ہوں گی۔ عمومی اجلاس میں چوتھی کے اوپر کے طلبا بھی عربی تقریر و تحریر کی مشق کریں گے۔ 10۔ دس منٹ پہلے تیاری کی گھنٹی ہوگی اور اس کے بعد دوسری گھنٹی ہوگی، جس کے ساتھ طلبا و اساتذہ کی حاضری لازم ہوگی۔ دوسری گھنٹی کے ساتھ جو شخص حاضر نہ ہوگا، خواہ وہ استاد ہو یا طالب علم، وہ غیر حاضر شمار کیا جائے گا۔ کسی معقول عذر کی درخواست گھنٹی سے پہلے ہونی چاہیے۔
Flag Counter