Maktaba Wahhabi

146 - 418
میں سے بعض معانی درج ذیل ہیں : 1 ’’الحکیم‘‘ بمعنی ’’مُحْکَم‘‘ ہے کہ حلال و حرام ، حدود اوراحکام کے بیان میں یہ مستحکم اور مضبوط کتاب ہے جس میں تاویل کی کوئی گنجائش نہیں۔ یہاں وزن ’’فَعِیْل‘‘ ’’مَفْعَلٌ‘‘ کے معنی میں ہے۔ یہ قول ابوعبیدہ وغیرہ کا ہے اوراس کی تائید اللہ کا یہ فرمان کرتا ہے: ’’(یہ) وہ کتاب ہے جس کی آیتیں محکم کی گئی ہیں۔‘‘[1] 2 ’’الحکیم‘‘ بمعنی ’’اَلْحَاکِمُ‘‘ بھی ہے، یعنی قرآن کریم حلال و حرام کا فیصلہ کرنے والا ہے اور وہ لوگوں کے مابین مقدمات اور اختلافات میں مبنی بر حقیقت فیصلے کرتا ہے۔ اس قول کی تائید اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان کرتا ہے: ’’اوران کے ساتھ اس نے برحق کتاب نازل کی، تاکہ وہ لوگوں کے درمیان ان باتوں کا فیصلہ کرے جن میں انھوں نے اختلاف کیا۔‘‘[2] 3 ’’الحکیم‘‘ بمعنی ’’اَلْمَحْکُومُ فِیہٖ‘‘ہے، یعنی اللہ تعالیٰ نے اس قرآن حکیم میں عدل، احسان اور قریبی رشتہ داروں کو ان کے حقوق عطا کرنے کاحکم دیا ہے۔ اس نے قرآن کریم میں بے حیائی اور برے کاموں سے بچنے اور ظلم و زیادتی سے دوررہنے کاحکم بھی دیا ہے، مزید برآں اللہ تعالیٰ نے اس قرآن میں اپنی اطاعت کرنے والوں کو جنت اور نافرمانی کرنے والوں کے لیے جہنم کا حکم سنایا ہے۔ یہ قول حسن بصری رحمہ اللہ وغیرہ کا ہے۔ 4 ’’الحکیم‘‘ سے مراد ہے کہ قرآن کریم باطل سے محفوظ اور مستحکم ہے جس میں کوئی جھوٹ ہے نہ کوئی اختلاف ۔ یہ مقاتل رحمہ اللہ کا قول ہے۔
Flag Counter