Maktaba Wahhabi

418 - 532
ساتواں مبحث: تقویٰ کا نور اورگناہوں کی تاریکیاں پہلا مطلب:تقویٰ کا نور پہلا مسلک:تقویٰ کا مفہوم: تقویٰ کا لغوی مفہوم: (عربی)زبان میں تقویٰ کے معنیٰ بچنے‘ ڈرنے اور متنبہ رہنے کے ہیں،کہا جاتا ہے:’’اتقیت الشيئ،وتقیتہ أتقیہ تقی،وتقیۃ،وتقائ‘‘ یعنی میں فلاں چیز سے بچ کر رہا،فرمان باری تعالیٰ: ﴿هُوَ أَهْلُ التَّقْوَىٰ وَأَهْلُ الْمَغْفِرَةِ(٥٦)[1]۔ کے معنیٰ یہ ہیں کہ اللہ عز وجل ہی اس بات کا مستحق ہے کہ اس کے عذاب سے بچا جائے اور اس کی ذات اس لائق ہے کہ ایسا عمل کیا جائے جو اس کی بخشش تک پہنچانے کا سبب ہو[2]۔ تقویٰ کی اصل(اصطلاحی تعریف): تقویٰ کی اصل یہ ہے کہ بندہ اپنے اورجس چیز سے وہ ڈرتا اور خوف کھاتا ہے اس کے درمیان بچاؤ کا ایک ذریعہ بنا لے،چنانچہ بندے کا اپنے رب سے تقویٰ یہ ہے کہ بندہ اپنے اور اپنے رب کے غیظ وغضب ‘ ناراضگی اور عذاب کے خوف کے درمیان بچاؤ کا ایک ایسا ذریعہ بنا لے جو اسے اللہ کے عذاب سے محفوظ رکھے،اور وہ اللہ کے احکام کی بجا آوری اور اس کی نافرمانی سے اجتناب ہے[3]۔
Flag Counter