Maktaba Wahhabi

281 - 532
پانچواں مسلک:مومنوں کے اوصاف: مومنوں کے کچھ کریمانہ اوصاف اور عظیم اعمال ہیں جن کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے ان کا وصف بیان کیا ہے اور ان کی مدح و ستائش فرمائی ہے،ان میں سے بطور حصر نہیں بلکہ بطور مثال چند اوصاف حسب ذیل ہیں: اول:اللہ عز وجل کا ارشاد ہے: ﴿وَأَطِيعُوا اللّٰهَ وَرَسُولَهُ إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ(١)إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ إِذَا ذُكِرَ اللّٰهُ وَجِلَتْ قُلُوبُهُمْ وَإِذَا تُلِيَتْ عَلَيْهِمْ آيَاتُهُ زَادَتْهُمْ إِيمَانًا وَعَلَىٰ رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُونَ(٢)الَّذِينَ يُقِيمُونَ الصَّلَاةَ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ(٣)﴾[1]۔ اور اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرو اگر تم مومن ہو۔درحقیقت مومن تو وہ ہیں کہ جب اللہ کا ذکر آتا ہے تو ان کے دل دہل جاتے ہیں اور جب اس کی آیتیں ان پر تلاوت کی جاتی ہیں تو ان کے ایمان میں اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ اپنے رب پر ہی توکل کرتے ہیں۔وہ جو کہ نماز کی پابندی کرتے ہیں اور ہم نے جو روزی انہیں عطا کی ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔ ان آیات میں مومنوں کے کچھ عظیم اوصاف ظاہر ہوئے جو یہ ہیں: 1- اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت۔ 2- اللہ عز وجل کا خوف وخشیت اور اس کا ڈر۔ 3- قرآن کریم کی سماعت کے وقت اس میں غور وتدبر کرنے کے سبب ان کے ایمان میں اضافہ۔ 4- اسباب و وسائل اختیار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ پر توکل و اعتماد۔ 5- نماز کے ظاہری و باطنی اعمال کے ساتھ فرض اور نفل نمازیں اداکرنا۔ 6- واجب انفاق(اللہ کی راہ میں خرچ کرنا)جیسے،زکاۃ اور کفارے،اور جن لوگوں پر خرچ کرنا واجب ہے ان پر خرچ کرنا،نیز خیر کی راہوں میں صدقہ و خیرات کرنا۔
Flag Counter