Maktaba Wahhabi

276 - 532
شامل ہوگا،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایمان کی شاخیں اجمالی اور تفصیلی طورپر بیان فرمائی ہیں،اجمالی بیان ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’الإیمان بضع وسبعون شعبۃ،والحیاء شعبۃ من الإیمان‘‘۔ ایمان کی ستر سے زیادہ شاخیں ہیں،اور حیابھی ایمان کی ایک شاخ ہے۔ اور ایک دوسری روایت میں ہے: ’’الإیمان بضع وسبعون،أوبضع وستون شعبۃ،فأفضلھا قول لا إلہ إلا اللّٰه،وأدناھا إماطۃ الأذی عن الطریق،والحیاء شعبۃ من الإیمان‘‘[1]۔ ایمان کی ستر سے زیادہ یا ساٹھ سے زیادہ شاخیں ہیں،ان میں سب سے افضل ’’لا الہ الا اللہ ‘‘ کہنا ہے اور سب سے کمتر درجہ راستے سے تکلیف دہ چیز کا ہٹانا ہے،اور حیا بھی ایمان کی ایک شاخ ہے۔ امام ابو بکر بیہقی رحمہ اللہ نے ایمان کی شاخوں میں سے ستہتر(77)شاخیں ذکر فرمائی ہیں[2]،یہ شاخیں مختصراً حسب ذیل ہیں: 1- اللہ عز وجل پر ایمان۔ 2- انبیاء ورسل علیہم الصلاۃ والسلام پر ایمان۔ 3- فرشتوں پر ایمان۔ 4- قرآن کریم اور تمام آسمانی کتابوں پر ایمان۔ 5- تقدیر پر ایمان کہ بھلی بری تقدیر اللہ عز وجل کی طرف سے ہے۔ 6- یو م آخرت پر ایمان۔ 7- مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے پر ایمان۔
Flag Counter