Maktaba Wahhabi

286 - 532
دوسرا مطلب:نفاق کی تاریکیاں پہلا مسلک:نفاق کا مفہوم: اول:نفاق کا لغوی و شرعی مفہوم: نفاق کا لغوی مفہوم:’’نفق‘‘ زمین کے سرنگ کو کہتے ہیں جس میں دوسری جگہ سے شگاف ہو،’’تہذیب اللغہ‘‘ میں ہے کہ جس میں دوسری جگہ سے نکلنے کا راستہ ہو۔ اور ’’نفقہ‘‘ اور ’’نافقاء‘‘ گوہ اور جنگلی چوہے کے بل کو کہتے ہیں،اور کہا گیا ہے کہ’’نفقہ ‘‘ اور ’’نافقاء‘‘ جنگلی چوہے کے بل میں ایک جگہ ہوتی ہے جسے وہ نرم کرتا ہے،چنانچہ جب بل کے ایک سوراخ سے کوئی اس کی جانب آتا ہے تو وہ بل کی دوسری جانب نرم حصہ کو اپنے سر سے مار کر باہر نکل جاتا ہے،اور’’نفق الیربوع‘‘(نفق زبر کے ساتھ)وانتفق ونفق‘‘کا معنیٰ ہے کہ جنگلی چوہا اپنی جگہ سے نکل گیا،اور ’’نفّق الیربوع تنفیقاً ونافق‘‘کے معنیٰ اپنے نافقاء(سوراخ)میں داخل ہونے کے ہیں۔ دین اسلام میں منافقت کرنے والے کے معنیٰ میں مستعمل لفظ ’’منافق‘‘ اسی سے مشتق ہے،اور ’’نفاق‘‘(ن ؔکے کسرہ کے ساتھ)منافق کے عمل کو کہتے ہیں۔نفاق کے معنیٰ ایک طرف سے اسلام میں داخل ہونے اور دوسری طرف سے اس سے نکل جانے کے ہیں[1]۔ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’لتتبعن سنن الذین من قبلکم،شبراً بشبرٍ،وذراعاً بذراعٍ،حتی لو دخلوا في جحر ضبٍ لاتبعتموھم‘‘ قلنا:یارسول اللّٰه،الیہود والنصاری؟ قال:’’فـمن‘‘ ؟[2]۔
Flag Counter