Maktaba Wahhabi

311 - 670
عورتوں کے رات کو چاند غروب ہونے کے بعدمزدلفہ سے چلے آنے اور منیٰ پہنچتے ہی رش کے ڈر سے اسی وقت کنکریاں مارنے کا حکم: سوال:ان عورتوں کا کیا حکم ہے جو چاند کے غروب ہونے کے بعد مزدلفہ سے کمزور لوگوں کے ساتھ واپس لوٹ آتی ہیں اور منیٰ پہنچتے ہی رش کے خوف سے جمرہ عقبہ کو کنکریاں مارلیتی ہیں؟ جواب:موفق ابن قدامہ نے "مغنی "میں کہا: "کمزور لوگوں اور عورتوں کو مزدلفہ سے رات کو ہی منیٰ بھیج دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ عبد الرحمٰن بن عوف اور عائشہ رضی اللہ عنہا ان لوگوں میں سے ہیں جو کمزوروں کو رات کو ہی منیٰ بھیج دیتے ۔ یہی موقف عطاء، ثوری ،شافعی ،ابو ثور اور اصحاب الرائے کا ہے۔ اور ہم اس میں کوئی اختلاف نہیں جانتے کیونکہ اس میں ان کے ساتھ نرمی ہے، ان کو رش کی تکلیف سے بچانا اور اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل کی اقتدا ہے۔" امام شوکانی رحمۃ اللہ علیہ نے" نیل الاوطار "میں کہا: "دلائل اس بات کی طرف رہنمائی کرتے ہیں کہ جن لوگوں کو مزدلفہ سے رات کو آنے کی رخصت نہیں ہے،ان کے لیے جمرات کو کنکریاں مارنے کا وقت طلوع آفتاب کے بعد ہے اور جن کو رخصت ہے جیسے عورتیں اور کمزور و ناتواں لوگ تو ان کے لیے طلوع آفتاب سے پہلے بھی کنکریاں مارنا جائز ہے۔" اور امام نووی رحمۃ اللہ علیہ نے"مجموع الفتاویٰ" میں کہا: "امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے شاگردوں نے کہا: سنت یہ ہے کہ کمزور ناتواں عورتوں وغیرہ کو مزدلفہ سے طلوع فجر سے پہلے آدھی رات کو ہی منیٰ روانہ کردیا جائے تاکہ وہ لوگوں کا رش ہونے سے پہلے جمرہ عقبہ کو کنکریاں مارلیں۔" پھر انھوں نے اس موقف پر دلالت کرنے والی احادیث ذکر کیں۔(الفوزان )
Flag Counter