Maktaba Wahhabi

159 - 236
اقوال ائمہ تقلید کے رد میں ائمہ اجتہاد تقلید کے رد میں متفق ہیں اور انہوں نے صراحتاً اپنی اور غیر کی تقلید سے تاکیداً رد کیا ہے۔مولانا فرماتے ہیں :یہ حکم ان لوگوں کے لیے نہیں جو صلاحیت اجتہاد سے مرحوم ہیں بلکہ ان لوگوں کے لیے ہے جن میں اجتہاد کی صلاحیت پائی جاتی ہو۔ارشاد گرامی موجب تعجب ہے۔مجتہد تو تقلید کا مکلف ہے نہیں اسے روکنا عبث ہے۔دراصل مخاطب وہ لوگ ہیں جو مقام اجتہاد کو نہیں پہنچے لیکن وہ دین کی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں جیسے جناب یا اس قسم کے دوسرے علما۔عامی کا تو یوں ہی کوئی مذہب نہیں وہ بے چارہ ائمہ اجتہاد سے کہیں زیادہ محلے کی مسجد کے امام کا مقلد ہوتا ہے۔اسے کیا معلوم کہ امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ اور امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کیا فرماتے ہیں۔اس کی زندہ مثال ہمارے عوام ہیں اور بریلوی علما۔عوام ان مزخرفات کو حنفی مذہب سمجھتے حالانکہ ان پریشان خیالیوں کی حضرت امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے فرشتوں کوبھی خبر نہیں تھی۔اب صورت حال یوں ہے کہ مجتہد کو تقلید کی ضرورت ہے نہیں،آپ اور ہم ایسے لوگوں کو خود ائمہ نے روک دیا۔عامی بے چارے کا کوئی مذہب ہی نہیں وہ تو ان علما کا مقلد ہے جن کو تقلید حکماً روک دیا گیا ہے فأین التقلید چوتھے شبے میں آپ نے شاہ ولی اللہ صاحب کا حوالہ دیا ہے ہم بھی شاہ صاحب کے مسلک کی وضاحت اوپر کر آئے ہیں ومن استزاد فلدینا مزید پانچویں شبہ کے جواب میں مولانا فرمایا ہے کہ تذکیر کی آیات آسان ہیں اور احکام کی آیات مشکل۔یہ بڑا پرانا مغالطہ ہے۔حقیقت یہ ہے کہ قرآن اور سنت میں علی الاطلاق مشکل مقامات بھی ہیں اور آسان بھی لیکن یہ بالکل بے معنی ہے کہ اسے مجتہد کے سوا سمجھنا ممکن نہیں۔آپ حضرات مدارس میں پڑھاتے ہیں کتابوں پر شروح اور حواشی لکھتے ہیں آپ کے مخالفین بھی اپنی بساط کے مطابق یہی کچھ کرتے ہیں ان کے لیے ائمہ اجتہاد نے فرمایا ہے اپنی سمجھ کے مطابق کتاب وسنت پر عمل کرو اورہماری تقلید سے بچو خذوا الاحکام من حیث اخذوا(احکام کوقرآن وسنت سے سمجھو) لَا يُكَلِّفُ اللّٰهُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَهَا (البقرہ:286)مسئلہ مشکل ہو یا آسان مواخذہ استعداد اور نیت کے مطابق ہو گا۔
Flag Counter