Maktaba Wahhabi

15 - 336
امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی انہیں بیش قیمت علمی کتابوں میں سے ایک مشہور کتاب ’’ الفرقان بین أولیاء الرحمن واولیاء الشیطان‘‘ ہے ، جس میں انہوں نے ’’ولایت ‘‘ کے مفہوم ومقام ، حقیقی اولیاء کے تعارف اور ان کے اوصاف کے تفصیلی بیان کے ساتھ ، ولایت کے مدعیان باطل ، اولیاء الشیطان کی دسیسہ کاریوں اور بے بنیادخارق عادت وواقعات اور شیطانی احوال کی خوب نقاب کشائی کی ہے ، نیزاس میں جادوگروں اور سفلی کام کرنے والوں کے جھوٹے دعوؤں اور علم ترقی کی آڑ میں روحوں کی حاضری کاڈھونگ رچانے والوں کی بھی تردید کی ہے۔ ولایت اور اولیاء اﷲ کی آڑ میں شرک وکفر ، بدعت وضلالت اور اوہام وخرافات کی گرم بازاری ، جیسے امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کے دور میں تھی ، آج بھی ہے ، بلکہ اس کی فتنہ سامانیاں آج کچھ زیادہ ہی ہیں ، اس واسطے ضرورت تھی کہ اس قیمتی کتاب کو مختلف زبانوں میں نشرکیاجائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایاجائے ، عربی میں اس کے متعددایڈیشن شائع ہوچکے ہیں ، اور دکتور عبدالرحمن بن عبدالکریم یحییٰ نے چھ قلمی نسخوں کوسامنے رکھ کر اس کی تصحیح وتحقیق کی ہے ، اور احادیث کی تخریج کے ساتھ اسے اپنے قیمتی حواشی اور تعلیقات سے بھی مزین کیاہے۔ برادرعزیزانصارزبیر محمدی نے موضوع اور کتاب کی اہمیت کے پیش نظر اسے اُردو کاجامہ پہنایاہے۔ میں نے اُردو ترجمہ کوجستہ جستہ پڑھااور اصل سے ملایاہے ، الحمد للہ انصار زبیر صاحب اس کی ترجمانی میں کافی کامیاب ہیں۔ اﷲ تعالیٰ ان کی اس خدمت کوقبول فرمائے اور اُردو داں طبقہ کو اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی توفیق عطافرمائے۔ آمین۔ دکتورفضل الرحمن بن دین محمد المدنی الجامعۃ المحمدیۃ۔ منصورہ۔ مالیگاؤں ضلع ناسک۔ مہاراشٹر۔ الہند۔ ۲۴۳۲۰۳ ۱۱/۱۰/۲۰۰۰م
Flag Counter