Maktaba Wahhabi

301 - 366
اللہ تعالیٰ نے سورۂ حم السجدۃ میں ایک مقام پر یہی مسئلہ قدرے تفصیل سے بیان فرمایا ہے، چنانچہ اللہ تعالیٰ کے فرمان :[اِنَّ الَّذِيْنَ قَالُوْا رَبُّنَا اللہُ ثُمَّ اسْـتَقَامُوْا] [1]میں توحید ربوبیت کا ذکرفرمایا اور اس پر استقامت کے فضائل بیان فرمائے اور چند آیات کے بعد ارشاد فرمایا:[وَمِنْ اٰيٰتِہِ الَّيْلُ وَالنَّہَارُ وَالشَّمْسُ وَالْقَمَرُ۰ۭ لَا تَسْجُدُوْا لِلشَّمْسِ وَلَا لِلْقَمَرِ وَاسْجُدُوْا لِلہِ الَّذِيْ خَلَقَہُنَّ اِنْ كُنْتُمْ اِيَّاہُ تَعْبُدُوْنَ][2] یعنی: اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے رات ،دن،سورج اورچاند ہیں،پس مت سجدہ کرو سورج یا چاند کو اور سجدہ کرو اللہ تعالیٰ کو جوکہ ان کاخالق ہے،اگر تم خالص اسی کی عبادت کرنا چاہتے ہو۔ اس آیت مبارکہ میںان لوگوں کا رد ہے جو سورج یاچاند کی پوجا کرتے ہیں اور وجہ تردید وانکار یہ ہے کہ یہ دونوں اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں اورمخلوق معبود ہو ہی نہیں سکتی، معبودِحق وہی ذات ہوسکتی ہے جو خالق ہو،اسی لئے فرمایا:[وَاسْجُدُوْا لِلہِ الَّذِيْ خَلَقَہُنَّ ] کہ تم سجدہ کرو اس اللہ کو جو ان کاخالق ہے،گویا خالق ہی عبادت کے لائق ہوتا ہے اور اس پوری کائناتِ علوی یا سفلی میں اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی خالق نہیں ۔ [اَللہُ خَالِقُ كُلِّ شَيْءٍ۰ۡوَّہُوَعَلٰي كُلِّ شَيْءٍ وَّكِيْلٌ][3] یعنی: اللہ تعالیٰ ہی ہر شیٔ کاخالق ہے اور وہ ہر شیٔ پر کارساز ہے۔
Flag Counter