Maktaba Wahhabi

210 - 325
اور ان مشرکین کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ جن جنہیں معبود بنائے ہوئے ہیں وہ تو مسلمان ہو کر اﷲکی بندگی میں لگ گئے ہیں اور اطاعت وفرمانبرداری میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں اور ان میں سے ہر ایک جن اپنے اعمال صالحہ کے ذریعہ اس دھن میں لگا ہے کہ کون اﷲسے سب سے زیادہ قریب ہوتاہے اور پھربندگی کرکے بھی رحمت الٰہی کے امیدوار اور عذاب الٰہی سے ڈررے ہیں۔ یہ ہے ان دونوں آیتوں کا صحیح مفہوم جن میں مشرکین کو یہ حقیقت سمجھائی جارہی ہے کہ جن جنوں کی تم عبادت کرتے ہو ان سے سبق حاصل کرو۔وہ اﷲپر سچے دل سے ایمان لاچکے ہیں ‘انہوں نے خود کو شرک سے بچالیا ہے اور اﷲکی مرضی حاصل کرنے کے لئے عمل صالح کرنے میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں ‘اور اﷲکا قرب حاصل کرنے کے لئے اپنے اس اعمال صالح کو وسیلہ بنائے ہوئے ہیں۔ان کی اس حالت کو دیکھ کر تم کو یہ سمجھنا چاہئے کہ یہ معبود نہیں ہیں ‘اگر یہ معبود ہوتے تو اﷲکی بندگی کیوں کرتے؟اﷲکی رحمت کے طالب کیوں ہوتے اﷲکے عذاب سے ڈرتے کیوں؟یہ باتیں کسی عابد کی ہوتی ہیں یا معبود کی؟تم اتنابھی نہیں سمجھتے کہ عبادت کون کرتا ہے ‘عابد یامعبود؟بھلا معبود بھی دوسروں کے عذاب سے ڈرتا ہے اور اس کو بھی کسی کی رحمت کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
Flag Counter