Maktaba Wahhabi

41 - 195
٭ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ میں رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سواری پر آپ کے پیچھے بیٹھا تھا اور میرے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان محض کجاوے کی لکڑی کا فاصلہ تھا۔اچانک آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اے معاذ بن جبل!‘‘ میں نے کہا:اے اﷲ کے رسول! میں حاضر ہوں۔ پھر کچھ دیر آپ چلتے رہے۔پھر فرمایا:’’اے معاذ بن جبل!‘‘ میں نے کہا:اے اﷲ کے رسول! میں حاضر ہوں۔پھر کچھ دیر آپ چلتے رہے۔پھر فرمایا:’’اے معاذ بن جبل!‘‘ میں نے کہا:اے اﷲ کے رسول! میں حاضر ہوں۔پھر کچھ دیر آپ چلتے رہے۔ پھر فرمایا:(ہَلْ تَدْرِی مَا حَقُّ اللّٰہِ عَلیٰ عِبَادِہٖ؟) یعنی کیا تم جانتے ہو کہ بندوں پر اﷲ کا حق کیا ہے؟ میں نے کہا:اﷲ اور اس کے رسول کو زیادہ علم ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (حَقُّ اللّٰہِ عَلیٰ عِبَادِہٖ أَنْ یَّعْبُدُوْہُ وَلاَ یُشْرِکُوْا بِہٖ شَیْئًا ) ’’ بندوں پر اﷲ تعالیٰ کا حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔‘‘ پھر آپ کچھ دیر چلتے رہے۔آگے جاکر آپ نے فرمایا: ’’ اے معاذ بن جبل!‘‘ میں نے کہا:اے اﷲ کے رسول! میں حاضر ہوں۔ آپ نے فرمایا:(ہَلْ تَدْرِیْ مَا حَقُّ الْعِبَادِ عَلَی اللّٰہِ إِذَا فَعَلُوْہُ؟) ’’کیا تمہیں معلوم ہے کہ اگر وہ ایسا کرلیں تو اﷲ تعالیٰ پر بندوں کا حق کیا ہے؟‘‘
Flag Counter