Maktaba Wahhabi

604 - 868
صحابہ نے دریافت کیا:اے اللہ کے رسول!کنواری کی اجازت کیسے ہو گی؟ فرمایا "یہی کہ وہ خاموش رہے۔" ان حقائق کی روشنی میں ہم کہتے ہیں کہ یہ آدمی جو ایک حیلے سے اس عورت کے ساتھ خلوت میں ملنا چاہتا ہے کہ اس نے کہا ہےکہ:"تو میری ہی بیوی ہے۔" یہ بات کہنے سے یہ عورت اس کی بیوی نہیں بن سکتی،بلکہ اس مقصد کے لیے ولی کا ہونا شرط ہے۔ اور یہ مسئلہ کہ نکاح کی شہرت ہو اور اس کا اعلان کیا جائے،اس میں علماء کا قدرے اختلاف ہے۔کچھ تو قائل ہیں کہ اعلان بہت ضروری ہے اور دوسرے کہتے ہیں اظہار اور شہرت کافی ہے،اعلان خواہ نہ بھی ہو۔ الغرض اس آدمی کا یہ دعویٰ کہ یہ عورت میری بیوی ہے سراسر جھوٹ ہے،اس کی شرعی طور پر کوئی بنیاد نہیں ہے۔اس عورت کو چاہیے کہ اپنے اولیاء اور سرپرستوں سے رابطہ کرے تاکہ وہ اس آدمی کو اس سے دفع دور کر دیں۔(محمد بن صالح عثیمین) سوال:اگرشوہر نماز نہ پڑھتا ہو تو کیا عورت کے لیے جائز ہے کہ اس سے الگ ہو جائے؟ جواب:اگر عورت کی شادی ہو اور اس کا شوہر بالکل نماز نہ پڑھتا ہو،نہ جماعت کے ساتھ اور نہ بغیر جماعت کے،تو اس کا اس سے نکاح فسخ کرایا جائے،یہ عورت اس کی بیوی نہیں ہو سکتی،اور نہ اس آدمی کے لیے جائز ہے کہ اس عورت سے وہ کچھ حلال جانے جو ایک مرد کے لیے اپنی بیوی سے حلال ہوتا ہے،کیونکہ یہ اس کے لیے اجنبی ہے،اور عورت پر لازم ہے کہ اپنے ماں باپ کے ہاں چلی جائے اور جہاں تک ممکن ہو اس سے خلاصی کی کوشش کرے،جو مسلمان ہونے کے بعد کافرہو چکا ہے۔والعیاذ باللہ۔ سو،میں عرض کرتا ہوں اور امید ہے کہ خواتین بھی میری گزارشات سن رہی ہوں گی کہ جو عورت ایسی ہو کہ اس کا شوہر نماز نہ پڑھتا ہو تو اسے ایسے آدمی کے ساتھ رہنا ایک لمحہ کے لیے بھی جائز نہیں ہے،خواہ اس کی اولاد بھی ہو،تو اس صورت میں یہ اولاد یقینا ماں ہی کے پاس آئے گی،اور ایسےباپ کوان کی تربیت کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ کوئی کافر مسلمان بچے کا تربیت کنندہ نہیں ہو سکتا۔ لیکن ہاں،اگر اللہ تعالیٰ ایسے شوہر کو ہدایت دے دے اور وہ اسلام کی طرف لوٹ آئے اور نماز پڑھنے لگے،تو یہ عورت بھی عدت کے دوران تک اس کی طرف واپس آ سکے گی۔اگر اس مرد کے نماز کی طرف رجوع سے پہلے پہلے عورت کی عدت ختم ہو جائے تو عورت کا معاملہ اس کے اپنے ہاتھ میں ہو گا۔اکثر علماءکا کہنا ہے کہ مرتد کی بیوی کی عدت اگر پوری ہو جائے تو وہ اس مرد کے پاس نئے عقد کے بغیر نہیں آ سکتی۔(محمد بن صالح عثیمین)
Flag Counter