Maktaba Wahhabi

194 - 868
سوال:کیا پلستر یا پٹی پر تیمم اور مسح دونوں کو جمع کیا جا سکتا ہے؟ جواب:نہیں،مسح اور تیمم دونوں کو جمع نہیں کیا جا سکتا۔کیونکہ کسی ایک عضو کے لیے دو طہارتوں کو جمع کرنا شرعی اصولوں کے خلاف ہے۔اس لیے ہم کہتے ہیں کہ ان دو صورتوں میں سے کوئی ایک کر لو۔اور دو طہارتوں کو جمع کرنے کی شریعت میں کوئی مثال موجود نہیں ہے اور اللہ تعالیٰ بھی کسی بندے کو دو عبادتوں کا مکلف نہیں ٹھہراتا ہے جبکہ اس کا سبب ایک ہو۔(محمد بن صالح عثیمین) مستورات کے مخصوص مسائل سوال:میں اپنی عمر کے چودھویں سال میں تھی کہ مجھے ماہانہ ایام شروع ہوئے،اور میں نے اس سال روزے نہیں رکھے،یہ میری اور گھر والوں کی جہالت کی وجہ سے ہوا،اور ویسے بھی ہم اہل علم سے کچھ دُور ہیں،ہمیں اس مسئلے کا علم نہ تھا اور پھر میں نے اگلے سال روزے رکھے۔میں نے کچھ اہل فتویٰ سے سنا ہے کہ عورت کو جب ماہانہ ایام شروع ہو جائیں تو اسے روزے رکھنے لازم ہو جاتے ہیں،خواہ وہ بالغ نہ بھی ہوئی ہو،مجھے امید ہے آپ ہمیں مستفید فرمائیں گے۔ جواب:اس سائلہ نے جو اپنے متعلق بیان کیا ہے کہ اسے چودھویں سال میں ایام آنا شروع ہو گئے تھے اور اسے علم نہ تھا کہ اس سے عورت بالغ ہو جاتی ہے،تو اس وجہ سے جو اس نے اس سال روزے چھوڑے ہیں اس پر وہ گناہگار نہیں ہے،کیونکہ یہ جاہل اور لاعلم تھی،اور ایسے بندے پر گناہ نہیں ہوتا لیکن جب اسے علم ہو گیا ہے کہ اس ہر روزے فرض ہیں اور فرض ہو گئے تھے تو ضروری ہے کہ اب ان کی قضا دینے میں جلدی کرے۔کیونکہ بلوغت کے بعد عورت پر روزے فرض ہو جاتے ہیں اور کسی عورت کا بالغ ہونا درج ذیل چار صورتوں میں سے کسی ایک سے ثابت ہو جاتا ہے کہ ۔۔(۱)۔اس کی عمر پندرہ سال ہو جائے ۔۔(۲)۔زیر ناف بال اُگ آئیں ۔۔(۳)۔اسے انزال ہو ۔۔(۴)۔حیض آنا شروع ہو جائے۔ ان صورتوں میں سے کوئی ایک بھی ظاہر ہو جائے تو وہ عورت بالغ ہو جاتی ہے اور شرعی امور کی پابند ہوا کرتی ہے اور عبادات اس پر ایسے ہی واجب ہو جاتی ہیں جیسے کہ کسی بڑی عمر کی عورت پر ہوتی ہیں۔(صالح فوزان) سوال:حیض،استحاضہ اور نفاس کے خون میں کیا فرق ہوتا ہے؟ جواب:(یہ اللہ عزوجل کی تقدیر ہے کہ خواتین کو یہ خون آتے ہیں) اِن کا مقام خروج اگرچہ ایک ہی ہوتا ہے،مگر اسباب مختلف ہوتے ہیں،تو ان کے نام بھی مختلف ہیں اور اسی طرح ان کے احکام بھی۔ حیض:ہر بالغ لڑکی کو بلوغت کے بعد اس کے رحم سے ہر ماہ باقاعدہ چند مخصوص ایام میں خون آتا رہتا ہے،اسے حیض کہتے ہیں۔
Flag Counter