Maktaba Wahhabi

81 - 868
بالکل واضح ہے،نصوص شرعیہ اور اجماع امت سے ثابت ہے تو اگر کوئی ان کے حلال ہونے کا عقیدہ رکھے گا تو اس کے کافر ہونے پر سب علماء کا اجماع ہے اور اس کا حکم شرک اکبر کے مرتکب مشرکین جیسا ہو گا۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایسی کیفیت سے محفوظ رکھے۔ اسی طرح جو شخص دین کا مذاق اڑائے،اس کے کسی حکم کا ٹھٹھا کرے تو وہ بھی کفر اکبر کا مرتکب ہوتا ہے جیسے کہ اللہ عزوجل نے فرمایا ہے: قُلْ أَبِاللّٰهِ وَآيَاتِهِ وَرَسُولِهِ كُنتُمْ تَسْتَهْزِئُونَ﴿٦٥﴾لَا تَعْتَذِرُوا قَدْ كَفَرْتُم بَعْدَ إِيمَانِكُمْ (التوبہ 9؍65۔66) "آپ ان منافقین سے کہہ دیجیے کیا بھلا تم اللہ،اس کی آیات اور اس کے رسول کے ساتھ مذاق کرتے ہو؟ کسی عذر معذرت کی ضرورت نہیں،تم نے ایمان لانے کے بعد کفر کیا ہے۔" ایسے ہی اگر کوئی چیز کی تحقیر کرے جسے اللہ نے معظم قرار دیا ہے،اور اسے معمولی جانے تو یہ بھی کفر ہے،مثلا قرآن مجید کی اہانت کرنا،اس پر پیشاب کرنا،اس پر پاؤں رکھنا یا بیٹھنا وغیرہ۔جب یہ عمل اس کی اہانت و تحقیر سے ہوں تو بالاجماع کفر ہے کیونکہ اس طرح وہ انسان اللہ عزوجل کی تحقیر و اہانت کرتا ہے کیونکہ قرآن کریم اللہ کا کلام ہے تو جو اس کی اہانت کرے اس نے اللہ کی اہانت کی۔ یہ مسائل علمائے کرام نے اپنی کتب فقہ میں "باب حکم المرتد" میں درج کیے ہیں۔معروف چاروں مذاہب کی کتب میں حکم المرتد موجود ہے اور اس میں انہوں نے وضاحت کے ساتھ کفر اور گمراہی کی تمام نوعیات کا بیان کیا ہے،اور ان کتب کے یہ حصے انتہائی توجہ اور اہتمام کے ساتھ مطالعہ کے لائق ہیں بالخصوص اس دور میں جب کہ ارتداد کی کئی صورتیں سامنے آئی ہیں،اور بہت سے لوگوں کے لیے یہ مسائل خلط ملط ہوئے جاتے ہیں۔جو شخص ان ابواب کا دقت نظر سے مطالعہ کرے گا تو اسے معلوم ہو گا کہ کن کن صورتوں سے عہد اسلام ٹوٹ جاتا ہے،اور کن کن باتوں سے ایک مسلمان مرتد ہو جاتا ہے اور کفروضلالت کی کیا کیا انواع ہیں۔ دوسری قسم،شرک اصغر:۔۔وہ اعمال ہیں جنہیں احادیث میں شرک کہا گیا ہے مگر یہ شرک اکبر کے درجہ کو نہیں پہنچتے،اسی لیے ان کو شرک اصغر کہتے ہیں مثلا ریاء (دکھلاوا کرنا) اور شہرہ (لوگوں میں شہرت کے لیے کوئی کام کرنا)۔مثلا اگر کوئی لوگوں کو دکھلانے اور شہرت کے لیے قرآن پڑھے،دکھلاوے کی نماز پڑھے،یا دکھلاوے کے لیے دعوت و تبلیغ کا کام کرے وغیرہ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے:"مجھے تم لوگوں پر سب سے زیادہ جس چیز کا اندیشہ ہے وہ شرک اصغر ہے۔"آپ سے اس کے متعلق پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:"وہ ریا ہے۔اللہ تعالیٰ قیامت کے روز ایسے دکھلاوے کے عمل کرنے والوں سے کہے گا:"ان کی طرف جاؤ جن کو
Flag Counter