Maktaba Wahhabi

382 - 868
صفا اور مروہ کی سعی اور حلال ہونا،اور یہ سب حج میں ہوتے ہیں۔جب بات تقریبا ایک ہی ہے تو حج کے اعمال کو اللہ نے دوبار فرض نہیں فرمایا ہے نہ دو طواف نہ دو بار سعی۔اور طواف وداع حج کا رکن نہیں ہے نہ ہی یہ حج کا تتمہ ہے،بلکہ یہ ایک علیحدہ واجب عمل ہے،یعنی جو شخص مکہ سے روانہ ہو رہا ہو اس کے لیے لازم ہے کہ وہ یہ وداعی عمل کرے۔اسی لیے جو شخص مکہ میں مقیم ہو اس پر طواف وداع نہیں ہے۔اس مسئلے میں یہی قول صحیح ہے۔اور اس کا واجب ہونا اس بنیاد پر ہے کہ مکہ سے نکلتے ہوئے بندے کا آخری عمل طواف بیت اللہ ہونا چاہیے جیسے کہ مکہ میں داخل ہونے والے کے لیے بعض علمائے کرام احرام کو واجب کہتے ہیں۔وہ (عمرہ) اسلام کے ساتھ واجب نہیں ہوتا،جیسے کہ حج واجب ہوتا ہے۔ اور وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جو مکہ میں مقیم تھے انہوں نے عمرہ نہیں کیا تھا (یعنی حج کے ساتھ)،نہ نبی علیہ السلام کے زمانے میں اور نہ ہی خلفاء کے دور میں،بلکہ مکہ میں رہتے ہوئے نبی علیہ السلام کے دور میں (حج کے بعد) سوائے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے اور کسی نے عمرہ نہیں کیا،اور اس کا بھی ایک سبب تھا۔[1] (شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ) سوال:جو شخص حج کرے اور عمرہ نہ کرے،بلکہ عمرہ چھوڑ دے،بھول کر یا عمدا،تو کیا اس سے عمرہ ساقط ہو جائے گا یا نہیں؟ امام احمد رحمہ اللہ سے اس بارے میں کیا منقول ہے؟ جواب:الحمدللہ رب العالمین،عمرہ واجب ہونے کے بارے میں علماء کے دو قول ہیں۔مذہب شافعی میں یہ دو قول ہیں تو امام احمد رحمہ اللہ سے بھی دو روایتیں ہیں،اور ان کے اصحاب کے ہاں مشہور یہ ہے کہ عمرہ واجب ہے۔تاہم اکثر کا قول یہ ہے کہ یہ واجب نہیں ہے۔جیسے کہ امام مالک رحمہ اللہ ہیں اور امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ۔بلکہ بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بھی یہ دو قول مروی ہیں۔ اور ظاہر یہ ہے کہ عمرہ واجب نہیں ہے۔اور جس شخص نے حج کر لیا ہو اور عمرہ نہ کیا ہو،اس پر کچھ نہیں ہے،خواہ وہ اسے جان بوجھ کر چھوڑ دے یا بھول کر۔کیونکہ اللہ عزوجل نے اپنی کتاب میں حج بیت ا للہ کو فرض کیا ہے اور فرمایا ہے: وَلِلّٰهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَيْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ إِلَيْهِ سَبِيلًا (آل عمران:3؍97) "اور لوگوں کے ذمے ہے کہ اللہ کے لیے بیت اللہ کا حج کریں،جو اس تک پہنچنے کی طاقت رکھتا ہو۔" اور قرآن کریم میں وارد لفظ "حج" عمرے کو شامل نہیں ہے،بلکہ اس کا حج کے ساتھ اس طرح سے ذکر فرمایا ہے کہ جب بندے نے ان کا ارادہ کر لیا ہو تو انہیں پورا کرے۔فرمایا: وَأَتِمُّوا الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلّٰهِ (البقرۃ:2؍196)
Flag Counter