Maktaba Wahhabi

414 - 421
برابر جنت کے پھل چننے میں مصروف رہتا ہے۔" ایک اور حدیث میں ہے جو سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا۔ " کوئی مسلمان جب کسی مسلمان کی صبح عیادت کرتا ہے تو ستر ہزار فرشتے شام ہونے تک اس پر رحمت بھیجتے رہتے ہیں اور جب شام کے وقت عیادت کرتا ہے تو ستر ہزار فرشتے صبح تک اس پر رحمت بھیجتے رہتے ہیں اور جنت میں اس کے لئے میوے ہوں گے۔ (ترمذی، رقم:969، ابو داؤد، رقم:3098) امام مسلم نے ایک باب" فضل عیادۃالمریض"کے عنوان سے قائم کیا ہے۔ اس میں ایک حدیث نقل کی ہے جس سے عیادت کی اہمت کا پتہ چلتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "اللہ تعالیٰ قیامت کے روز فرمائے گا:'' اے ابن آدم! میں بیمار ہوا تو تونے میری عیادت نہ کی۔"وہ عرض کرے گا!" اے میرے رب! توتوسارے جہان کا رب ہے،میں تیری عیادت کیسے کرتا؟"اللہ تعالیٰ فرمائے گا:"کیا تجھے نہیں معلوم کہ میرا فلاں بندہ بیمار ہوا مگر تونے اس کی عیادت نہیں کی،کیا تجھے نہیں معلوم کہ اگر تو اس کی عیادت کرتا تو مجھے اس کے پاس پاتا۔" (مسلم، رقم:5069) ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (اطعموا الجائع،وعودوا المريض،وفكوّا العاني) (بخاری، رقم:5649) " بھوکے کو کھانا کھلاؤ،بیمار کی عیادت کرو اور قیدی کو آزاد کراؤ۔" سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "جب کوئی کسی مریض کی عیادت کرتا ہے تو آسمان سے ایک ندا دینے والا ندا دیتا ہے تونے اچھا کیا۔تیرا آنا اچھا ہوا اور تونے اپنی منزل جنت بنالی۔" (رواہ الترمذی، رقم:2009، ابن ماجہ:1443، جامع الاصول:9/534)
Flag Counter