جواب: قرآن کریم میںہے :’’جو کام نیکی اور تقویٰ پر مبنی ہیں، ان میں ایک دوسرے سے تعاون کرو اور جو کام گناہ اور زیادتی پر مشتمل ہیں، ان میںکسی سے تعاون نہ کرو۔ ‘‘[1] یہ آیت کریمہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کہ ہمیں ایسے کاروبار نہیں کر نے چاہئیں جو گناہ اور اللہ کی نا فرمانی پر مبنی ہیں۔ صورت مسؤلہ میںسپیکر وغیرہ تیار کرنا ذاتی طور پر کوئی برا کام نہیںلیکن اگر کوئی دیدہ دانستہ طور پر کہتا ہے کہ مجھے موسیقی اور گانے بجانے میںسپیکر وغیرہ کو استعمال کرنا ہے تو ایسے شخص سے تعاون نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی اسے اس کے آرڈر کے مطابق سامان تیار کر کے دینا چاہیے۔شراب عموماًانگور، گنا ، کھجور وغیرہ سے تیار کی جا تی ہے حالانکہ یہ سب چیزیںبذات خود حلال ہیں، اگر یہ حلال چیزیں شراب کشید کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی تو اس حرام مقصد کے لیے ان کی خرید و فروخت بھی حرام ہو گی۔ اسی طرحاگر کوئی شراب نوشی یا کسی بھی دوسرے حرام کام کے لیے اپنی دکان کرایہ پر دیتا ہے یا انہیںجگہ مہیا کر تا ہے یا سودی کاروبار کے لیے مکان فراہم کرتا ہے تو وہ بھی برابر کا مجرم ہے اور تعاونو علی الاثم و العدوان کے ضمن میںآتا ہے ۔ اس اصل کے مطابق ہر وہ بیع ناجائز اور حرام ہے جو کسی حرام یا غلط مقصد کے لیے کی جائے ۔ چنانچہ ایک جگہ میںہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ و قتال کے ایام میںاسلحہ کی خرید و فروخت سے منع فرمایا ہے۔[2]بہر حال ایسے غلط مقاصد کے لیے اشیا فراہم کرنا ، گناہ اور زیادتی کے کاموںمیں تعاون کرنا ہے، اس لیے ایسے کاروبار سے اجتناب کرنا چاہیے ۔ اگر کوئی بتائے بغیر سودا لے جاتا ہے پھر اسے غلط استعمال کرتا ہے تو اس میں فروخت کنندہ کا کوئی گناہ نہیں۔ البتہ اسے علم ہے کہ میری فروخت کر دہ چیز کو غلط مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے تو اسے اس کے متعلق غور و فکر کرنا چاہیے اور ایسے شخص کو اپنا تعاون پیش نہ کرے جو غلط کار اور دھوکے باز ہو۔ (واللہ اعلم)