نکاح میں دینداری کی حیثیتسوال:مجھے دین اسلام سے بہت محبت ہے ، میںنے اپنی ایک پڑوسن سے قرآن مجید کا ترجمہ اور منتخب احادیث پڑھی ہیں۔ میری انتہائی خواہش ہے کہ آئندہ زندگی میں میرا رفیق سفر کوئی دیندار شخص ہو لیکن میرے گھر والے اس انتخاب پر آمادہ نہیںہیںکیونکہ انہوںنے برادری کی کڑی شرط لگا رکھی ہے، کیا اسلام میں اس قسم کی شرط کا کوئی ذکر ہے؟ براہ کرم اس سلسلہ میں میری راہنمائی کریں؟ جواب: ازدواجی رشتہ کے لئے بنیادی چیز دینداری ہے، باقی مال و متاع ، حسن و جمال اور حسب ونسب ثانوی حیثیت رکھتے ہیں، چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ عورت سے نکاح کرنے کے لئے چار چیزوں کو دیکھا جاتاہے، اس کے مال و متاع کو ، اس کے حسب و نسب کو ، اس کے حسن و جمال کو اور اس کے دین واخلاق کو ، تیرے ہاتھ خاک آلودہ ہوں تو دین والی عورت کو اختیار ہے۔[1]اسی طرح عورت کے سر پرست کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ جب اس کے پاس کوئی ایسا رشتہ آئے جس کا دین و اخلاق اچھا ہو اور عورت کے بارے میں وہ امین اور دیانتدار ہو تو اسے نکاحکرنے میں دیر نہیں کرنا چاہیے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’جب تمہارے پاس کوئی شخص پیغام نکاحبھیجے جس کا دین اور اخلاق تمہیں پسند ہے تو اس سے نکاحکر دیا جائے، اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو زمین میں فتنہ اور بہت بڑا فساد ہو گا۔‘‘[2]لیکن ہمارا معاشرہ ایک دوسری تفریق میںمبتلا ہے جسے اسلام پسند نہیںکرتا اور اسلام میں اس کی چنداں حیثیت بھی نہیںہے، چنانچہ ارشادِباری تعالیٰ ہے: ’’ اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک ہی مرد و عورت سے پیدا کیا ہے اور یہ کنبے ، خاندان تو تمہاری شناخت اور پہچان کے لئے ہیں ، لیکن اللہ کے ہاں تم سب میں زیادہ با عزت وہ ہے جو سب سے زیادہ متقی اور پرہیز گار ہو۔‘‘[3]اس آیت میں ذات، پات اور خاندان و قبیلہ کی حیثیت نہیں بیان کی گئی ہے لیکن ہمارے ہاں اس خاندانی حسب و نسب کو باعث فخر خیال کیا جاتا ہے اور اپنے رشتوں کی بنیاد اسی کو قرار دیا جاتا ہے ۔ ہمارے ہاں دینداری کی اس قدر حیثیت نہیںجتنی خاندان اور قبیلے کی ہوتی ہے۔ اس سلسلہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’ اے لوگو! تمہارا رب ایک ہے اور تمہارا باپ بھی ایک ہے، خبر دار! کسی عربی کو عجمی پر کوئی برتری نہیںاور نہ ہی کسی عجمی کو کسی عربی پر کوئی فضیلت حاصل ہے، اسی طرح نہ کسی سرخ کو سیاہ پر اور نہ کسی سیاہ کو سرخپر کوئی فضیلت ہے البتہ تقویٰ اور پرہیزگاری وجہ فضیلت ضرور ہے۔ ‘‘[4]ایک دوسری حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ لوگ اپنے آباءو اجداد پر فخر کرنے سے باز آجائیں یا پھر وہ اللہ کے ہاں اپنی ناک سے گندگی دھکیلنے والے کیڑے سے بھی زیادہ ذلیل ہوں گے، بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے آباؤ اجداد کی بنیاد پر دورِجاہلیت کے فخر و غرور کو ختم کر دیا ہے۔ آج یا تو وہ مومن متقی ہے یا پھر فاجر اور لوگوںمیں سب سے زیادہ بدبخت ، سب کے سب آدم کی اولاد ہیں اور آدم علیہ السلام کو مٹی سے پیدا کیا گیا تھا۔ ‘‘[5]