Maktaba Wahhabi

288 - 393
اپنے نفسوں کو قربان کردیں، وہ اللہ تعالیٰ کا تقویٰ اور اس کے عذاب کا خوف تھا، اس طرح ایمان معاشرے کو گناہوں اور جرائم سے پاک کرنے کے لیے اثر انداز ہوتا ہے۔ کتب حدیث و سیرت و تاریخ کا مطالعہ کرنے والا، جب یہ دیکھتا ہے کہ ایمان لانے والوں کی زندگی کس طرح مکمل طور پر بدل گئی تھی، تو وہ تعجب کیے بغیر نہیں رہ سکتا، مشرف بہ اسلام ہونے سے قبل وہ تمام انواع و اقسام کے جرائم کا ارتکاب کیا کرتے تھے مگر اسلام نے ان کی کایا پلٹ دی اور وہ گناہوں سے اس قدر دُور ہوگئے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں جن گناہوں کا ارتکاب کیا گیا، انھیں انگلیوں پر شمار کیا جاسکتا ہے۔ دلوں میں راسخ ہونے والا ایمان اسلامی فضا کو گناہوں سے پاک کرنے کے لیے اسی طرح اپنا کردار ادا کیا کرتا ہے اور وہ مومنوں کو تمام ظاہری و باطنی فواحش و منکرات سے دُور کردیتا ہے، ان میں سے جب کسی سے کوئی غلطی ہوجاتی ہے، تو وہ فوراً ندامت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آپ کو اس غلطی اور گناہ سے پاک کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
Flag Counter