Maktaba Wahhabi

238 - 430
کیفیتِ سجود رکوع سے سجدہ جانے کے انداز و کیفیت کے بعد اب آئیے دیکھیں کہ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کی رو سے سجدہ کرنے کی مسنون کیفیت کیا ہے؟ سات اعضاء پر سجدہ: اس سلسلے میں پہلی اور بنیادی بات تویہ ہے کہ سجدہ سات اعضاء پر ہونا چاہیے، کیوں کہ یہ بات متعدد احادیث میں آئی ہے، چنانچہ صحیح بخاری و مسلم، سننِ اربعہ، ابو عوانہ، ابن حبان ، بیہقی، شرح السنہ، مسند شافعی و حمیدی، مسند احمد ، منتقیٰ ابن الجارود، ابن خزیمہ اور دارمی میں مختلف طُرق سے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( اُمِرْتُ اَنْ اَسْجُدَ عَلٰی سَبْعَۃِ اَعْظُمٍ: عَلَی الْجَبْہَۃِ وَاَشَارَ بِیَدِہٖ عَلٰی اَنْفِہٖ وَالْیَدَیْنِ وَالرُّکْبَتَیْنِ وَاَطْرَافِ الْقَدَمَیْنِ، وَلَا نَکْفِتَ الثِّیَابَ وَالشَّعْرَ )) [1] ’’مجھے حکم ہوا کہ میں سات ہڈیوں (اعضاء) پر سجدہ کروں۔ پیشانی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دستِ مبارک سے اپنی ناک کی طرف بھی اشارہ فرمایا، دونوں ہاتھ، دونوں گھٹنے، دونوں پاؤں کی انگلیاں، اور اس کا حکم ملا ہے کہ ہم اپنے کپڑوں اور بالوں کو نہ سمیٹیں۔‘‘
Flag Counter