Maktaba Wahhabi

33 - 281
صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے تبحرِ علمی اور حفظ و اتقان کا تذکرہ، سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے، کاش صحیح بخاری پر آپ کے دروس مکمل ریکارڈ ہوجاتے، تو علماء و طلابِ علم کو انتہائی مبارک اور نفیس متاعِ علم حاصل ہوجاتی۔ قدر اللّٰہ وما شاء فعل! ہمارے انتہائی فاضل بھائی حافظ شاہد محمود حفظہ اللہ ، جنہیں اﷲ تعالیٰ نے خدمتِ حدیث کے تعلق سے بڑا نفیس ذوق عطا فرمایا ہے، نے ان دروس میں سے حدیثِ ہرقل پر حافظ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی مکمل تقریر و تشریح کو برائے طباعت منتخب کیا، تاکہ اس حدیث کے فوائد عامۃ الناس تک پہنچائے جا سکیں، یہ اسلوب ان کے اخلاص اور محبتِ منہجِ سلف صالحین کا مظہرِ أتم ہے۔ بندہ نے جامع مسجد رحمانیہ، بوہرہ پیر کراچی میں جمعہ کے چند خطبات میں حدیثِ ہرقل کی اپنی محدود سی بضاعتِ علمی کی روشنی میں تشریحات پیش کی تھیں، ان کی ریکارڈ شدہ کیسٹیں غالباً بھائی محمد حسن صاحب نے حافظ شاہد محمود تک پہنچا دیں اور انہوں نے انہیں سننے کے بعد شاملِ اشاعت کرنے کا پروگرام بنا لیا، میرے ان خطبات کی حافظ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے دروس کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔ وأین الثریٰ من الثریا ! تاہم اس امید کے پیشِ نظر کے شاید ہماری تقاریر کا کوئی جملہ کسی کے دل میں اتر جائے اور اس کی منفعت و ہدایت کا کام کر جائے، ہم نے ان خطبات کی طباعت کی اجازت دے دی۔ حافظ شاہد محمود حفظہ اللہ میرے بہت زیادہ شکر و امتنان کے مستحق ہیں، جنہوں نے اسلوبِ خطابت کو اسلوبِ تحریر کے قالب میں ڈھالا اور بیشتر نصوص کی تخریج بھی کر دی۔ فجزاہ اللّٰہ عنا وعن المسلمین خیر الجزاء !
Flag Counter