Maktaba Wahhabi

199 - 462
علامہ الکتانی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ حافظ ابو الفضل محمد بن طاہر نے امام دارقطنی رحمہ اللہ کی کتاب الافراد کو حروفِ معجم پر مرتب کیا ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اس کا ذکر حافظ مقدسی رحمہ اللہ کے ترجمہ میں یوں کیا ہے: ’’لہ أطراف أفراد الدارقطني‘‘[1] حافظ الہیثمی نے غیلانیات، خلعیات، فوائد رازی اور افراد دارقطنی کو دو جلدوں میں فقہی ابواب پر جمع کیا ہے۔ علامہ الکتانی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ حافظ سخاوی کے خط سے لکھا ہوا وہی مخطوطہ میں نے ایک جلد میں دیکھا ہے [2] اور کتاب الافراد کا قلمی نسخہ مکتبہ ظاہریہ مصر میں موجود ہے۔ حافظ ابو الفضل محمد بن طاہر نے اس کے اطراف کو جمع کیا جو ’’اطراف الغرائب والافراد‘‘ کے نام سے مطبوع ہے۔ 12 کتاب غرائب مالک: اس کتاب میں امام دارقطنی رحمہ اللہ نے امام مالک رحمہ اللہ کی ان مرویات کو جمع کیا ہے جو موطا میں مذکور نہیں۔ ابن عبدالہادی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ یہ ایک ضخیم کتاب ہے۔[3] 13 کتاب من حدث ونسی: محدثین کی اس اصطلاح کی تفصیل یوں ہے کہ جب کوئی شیخ ایک روایت اپنے شاگردوں کو بیان کرے اور بعد میں خود اسے بھول جائے تو اس کا کیا حکم ہے؟ علمائے فن نے لکھا ہے کہ شاگردوں کے یاد دلانے سے اگر وہ انکار کر دے تو روایت بالاتفاق مردود ہو گی، ورنہ مقبول۔
Flag Counter