Maktaba Wahhabi

368 - 462
محدث ڈیانوی کا تذکرہ بھی شامل ہے۔ جزاہ اللّٰه أحسن الجزاء ان تصانیف کے علاوہ بعض کتابوں پر آپ کی مختصر تعلیقات ہیں۔ ہم نے انھیں مستقل تصانیف میں شمار کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ مثلاً ’’کتاب القراءة للبیہقي، خلق أفعال العباد للبخاري، مجموعۃ التاریخ الصغیر للبخاري‘‘ طبع ہند وغیرہ پر بھی بعض مقامات پر آپ کی تعلیقات دیکھی جا سکتی ہیں۔ مولانا محمد عزیر صاحب نے لکھا ہے کہ خدا بخش پٹنہ لائبریری میں ’’مجموعہ تسویدات‘‘ کے نام سے ایک مجموعہ ہے جس میں صحاح کی مختلف احادیث پر تشریحی نوٹس ہیں اور بعض مباحث تو خصوصی فوائد نادرہ پر مشتمل ہیں۔ اس کے علاوہ بعض ایسے رسائل ہیں جو غلط طور پر ان کی طرف منسوب کر دیے گئے ہیں، مثلاً: ’’فتویٰ فوٹو گرافی‘‘، ’’مسائل ستین‘‘، ’’فیض ابتدائی‘‘ کو مولانا امام خاں نوشہروی نے حضرت ڈیانوی کی تصنیف قرار دیا ہے، حالانکہ یہ درحقیقت مولانا ابو طاہر بہاری کی تصانیف ہیں۔ حضرت مولانا نے مکتوبات حضرت میاں صاحب جمع کرنے کی بھی کوشش کی تھی، چنانچہ اس کے لیے احباب سے کچھ خطوط حاصل بھی کر لیے، مگر زندگی مستعار نے وفا نہ کی اور یہ مبارک کام اسی طرح باقی رہ گیا۔[1] اور نامعلوم اسی طرح کے کتنے علمی مشاغل تھے، جن کی وہ تکمیل نہ کر سکے۔ اللّٰھم اغفرلہ وارحمہ وأکرم نزلہ و وسع مدخلہ آمین یا رب العالمین۔ (ترجمان الحدیث: ۱۴۰۰ھ / ۱۹۸۰ء ، ۱۹۸۱ء)
Flag Counter