Maktaba Wahhabi

99 - 462
علامہ عینی رحمہ اللہ کے بعد متاخرین حنفیہ نے ان کے اس قول کو بنیاد قرار دے کر امام دارقطنی رحمہ اللہ کے حق میں وہ کلمات استعمال کیے، جو حدیث کے ادنیٰ طالب علم کے لیے بھی مناسب نہیں چہ جائیکہ امام موصوف رحمہ اللہ کی شخصیت کے حق میں اس قسم کی یاوہ گوئی کی جائے۔ اگر امام دارقطنی رحمہ اللہ صرف اس بنا پر ضعیف ہیں کہ انھوں نے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کو ضعیف کہا ہے تو اس ’’جرم‘‘ میں وہ منفرد نہیں ہیں، بلکہ دیگر ائمۂ جرح و تعدیل بھی اس میں برابر کے شریک ہیں۔ جن میں امام بخاری اور امام نسائی رحمہم اللہ سرِفہرست ہیں۔ امام بخاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’النعمان بن ثابت أبو حنیفۃ مولی بني تمیم……کان مرجیاً سکتوا عن رأیہ وحدیثہ‘‘[1] امام بخاری رحمہ اللہ کی یہ جرح جس قدر سخت ہے، اس کا اندازہ علامہ عراقی رحمہ اللہ کے اس قول سے لگایا جا سکتا ہے، فرماتے ہیں: ’’فیہ نظر وفلان سکتوا عنہ ھاتان العبارتان یقولھما البخاري فیمن ترکوا حدیثہ‘‘[2] اسی طرح علامہ ذہبی رحمہ اللہ نے عبداللہ بن داود الواسطی کے ترجمہ میں بھی اس امر کی صراحت کی ہے۔ علامہ سخاوی رقمطراز ہیں: ’’وکثیرا ما یعبر البخاري بھاتین العبارتین……فیمن ترکوا حدیثہ‘‘[3]
Flag Counter