Maktaba Wahhabi

193 - 462
ان کے علاوہ بھی بہت سے محدثین نے اس موضوع پر کتابیں لکھی ہیں۔ خطیب بغدادی (۴۶۳ھ) نے امام دارقطنی اور حافظ عبدالغنی رحمہما اللہ کی کتابوں کو یکجا جمع کیا اور اس میں بعض مقامات پر اضافہ بھی کیا اور اس کا نام ’’المؤتلف في تکملۃ المختلف‘‘ رکھا۔[1] اس کے علاوہ خطیب نے ’’تلخیص المتشابہ‘‘ اور ’’تالي التلخیص‘‘ کے نام سے بھی کتابیں لکھی ہیں جو طبع ہو گئی ہیں۔ اس کے بعد امیر ابن ماکولا نے اس پر اضافہ کر کے ایک مستقل کتاب لکھی، جس کا نام ’’الاکمال في رفع الارتیاب عن المؤتلف والمختلف من الأسماء والکنیٰ والأنساب‘‘ رکھا جو اپنے موضوع پر بے نظیر تصنیف ہے۔ امیر ابن ماکولا اس کے مقدمہ میں لکھتے ہیں: ’’جب میں نے خطیب کی کتاب جو دارقطنی اور عبدالغنی کی ’’المؤتلف والمختلف‘‘ اور عبدالغنی کی ’’مشتبہ النسبۃ‘‘ کا تکملہ ہے، دیکھی تو مجھے یہ محسوس ہوا کہ انھوں نے بہت سی ایسی باتوں سے بھی تعرض کیا ہے جنھیں ان دونوں نے ذکر نہیں کیا اور کبھی ان دونوں یا ایک کے کسی بیان کی تکرار کر جاتے ہیں اور کبھی ان دونوں کی تغلیط میں خود غلطی کر جاتے ہیں یا پھر ان دونوں کی واقعی غلطیوں پر متنبہ نہیں کرتے ہیں اور کبھی خود انھیں وہم ہو جاتا ہے تو میں نے مناسب جانا کہ ایک ایسی کتاب مرتب کروں جو تمام کی جامع اور ان اسماء پر مشتمل ہو جو ان کتابوں میں مذکور نہیں اور جن اسما کے بارے میں کوئی اشکال نہیں، انھیں چھوڑ دوں اور جن میں وہم یا اختلاف ہو اسے صحیح طور پر بیان کر دوں۔‘‘[2]
Flag Counter