Maktaba Wahhabi

42 - 702
(۱) اے لوگو! میں تم سب کو اﷲکی قسم دیتا ہوں ، کیا تم میں سے کوئی شخص مجھ سے پہلے توحید کا قائل ہواہے ؟ انھوں نے نفی میں جواب دیا ۔ (۲) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کا بھائی میرے بھائی جعفر طیار جیسا ہو‘جو جنت میں ملائکہ کیساتھ رہ رہا ہے ؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۳) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کا چچا میر چچا حمزہ جیسا ہو‘جو اللہ اور اس کے رسول کا شیر تھا؛اور جو سید الشہداء ہوئے؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۴) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کی بیوی میری بیوی فاطمہ بنت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سیدۃ نساء اہل جنت کی طرح ہو؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۵) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے دو ایسے بیٹے ہوں جیسے میرے دو بیٹے جنت کے نوجوانوں کے سردار حسن اور حسین رضی اللہ عنہماہیں ؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۶) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشورہ کرنے سے پہلے دس بار صدقہ کیا ہو؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۷) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہو: ’’ من کنت مولاہ فعلي مولاہ؛ اللہم وال من والاہ و عاد من عاداہ ۔‘‘ جس کا میں مولی ہوں علی بھی اس کا مولی ہے۔ اے اللہ ! جو اس سے دوستی رکھتے تو بھی اس سے دوستی رکھے اور جو کوئی اس سے دشمنی کرے تو تو بھی اس سے دشمنی رکھ ۔‘‘اور حاضریں کو چاہیے کہ یہ بات غائبین تک پہنچا دیں ۔ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۸) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کی ہو: ’’ اے اللہ اپنی مخلوق میں اپنے اور میرے سب سے محبوب شخص کو لے آتاکہ وہ میرے ساتھ اس پرندے کا گوشت کھائے۔‘‘ تو اللہ تعالیٰ نے اسے وہاں پہنچادیاہو ؛ اور پھراس نے آپ کے ساتھ وہ کھانا کھایا ہو؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۹) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہو : ’’ کل میں یہ جھنڈا ایسے آدمی کو دوں گا جو اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہے ‘ اور اللہ اوراس کا رسول اس سے محبت کرتے ہیں ۔اوروہ اس وقت تک واپس نہیں آئے گا جب تک اللہ تعالیٰ اس کے ہاتھ پر فتح نہ دے دے۔اوروہ شکست خوردہ واپس نہیں ہوگا؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
Flag Counter