Maktaba Wahhabi

94 - 358
حائضہ عورت کی دعا سوال 19: کیا اللہ تعالیٰ حائضہ عورت کی دعا اور استغفار قبول فرما لیتے ہیں؟ جواب: ہاں! حائضہ عورت کے لیے دعا کرنا جائز ہے، بلکہ اس کے لیے بکثرت دعاء، استغفار اور ذکر کرنا مستحب ہے، جب بھی قبولیت دعا کے اسباب میسر آئیں تو اللہ تعالیٰ حائضہ اور دوسرے لوگوں کی دعائیں قبول فرماتے ہیں۔ …شیخ ابن جبرین… حائضہ عورت کی نماز سوال 20: دوران نماز مجھے ماہواری آ گئی۔ اس صورت میں مجھے کیا کرنا چاہیے تھا؟ کیا دوران حیض چھوڑی گئی نمازوں کی قضا دینا ہو گی؟ جواب: اگر نماز کا وقت شروع ہونے کے بعد حیض آنا شروع ہوا، مثلا سورج ڈھلنے کے آدھ گھنٹہ بعد، تو وہ طہارت کے بعد اس نماز کی قضاء دے گی جس کا حیض سے پہلے طہارت کے دوران وقت ہو چکا تھا۔ ارشاد ربانی ہے: ﴿إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَّوْقُوتًا ﴾(النساء 4؍103) ’’ بےشک نماز ایمان والوں پر پابندی وقت کے ساتھ فرض ہے۔‘‘ عورت دوران حیض قضاء ہونے والی نمازوں کی قضاء نہیں دے گی۔ ایک طویل حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: (أَلَيْسَ إِذَا حَاضَتْ لَمْ تُصَلِّ وَلَمْ تَصُمْ؟) ’’ کیا ایسا نہیں ہے کہ عورت جب حائضہ ہوتی ہے تو وہ نماز پڑھتی ہے نہ روزے رکھتی ہے۔‘‘ اہل علم کا اس بات پر اجماع ہے کہ عورت دوران حیض فوت ہونے والی نمازوں کی قضاء نہیں دے گی ہاں! اگر عورت اس وقت پاک ہو جائے کہ نماز کے وقت سے ایک رکعت یا اس سے زائد کی تعداد کا وقت باقی تھا تو اسے اس نماز کی قضاء دینا ہو گی۔ کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
Flag Counter