Maktaba Wahhabi

57 - 503
۱۴۔ معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص اپنی نماز میں کچھ بھول جائے وہ بیٹھنے کی حالت میں دو سجدے کرے۔‘‘[1] ۱۵۔ انہی سے مروی ہے کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص مجھ پر عمداً جھوٹ بولے وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے۔‘‘[2] ۱۶۔ انہی سے مروی ہے کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میری امت سے ایک جماعت اللہ کے حکم سے ہمیشہ حق پر قائم رہے گی۔ انہیں بے یار و مددگار چھوڑنے والا یا ان کی مخالفت کرنے والا ان کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکے گا یہاں تک کہ اللہ کا امر آ جائے گا اور وہ اس وقت لوگوں پر حاوی ہوں گے۔‘‘ یہ سن کر مالک بن یمار سکسکی کھڑا ہو کر کہنے لگا: امیر المومنین! میں نے معاذ بن جبل سے سنا وہ کہہ رہے تھے کہ ان سے مراد اہل شام ہیں۔ یہ سن کر معاویہ رضی اللہ عنہ نے بلند آواز سے کہا: مالک کا خیال ہے کہ اس نے معاذ بن جبل سے سنا کہ اس سے مراد اہل شام ہیں۔[3] ۱۷۔ ایک دفعہ معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو وضو کرا رہے تھے کہ اس دوران آپ نے فرمایا: معاویہ! اگر تمہیں حکومت ملے تو اللہ سے ڈرنا اور عدل و انصاف سے کام لینا۔ معاویہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے: اس کے بعد میں ہمیشہ یہ خدشہ محسوس کرتا رہا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کی وجہ سے مجھے آزمائش میں ڈالا جائے گا، یہاں تک کہ ایسا ہو کر ہی رہا۔[4] ۱۸۔ ابو عامر عبداللہ بن لحی سے مروی ہے کہ ہم نے معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہما کے ساتھ حج کیا۔ جب ہم مکہ مکرمہ پہنچے تو وہ ظہر کی نماز کے بعد کھڑے ہو کر کہنے لگے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یہود و نصاریٰ بہتر فرقوں میں تقسیم ہوئے تھے جبکہ میری امت تہتر فرقوں میں تقسیم ہو جائے گی، یہ تمام فرقے جہنمی ہوں گے بجز ایک کے، اور وہ جماعت ہے، میری امت میں سے کچھ لوگ ایسے ہوں گے جن میں نفسانی خواہشات اس طرح سرایت کر جائیں گی جس طرح سگ سگ گزیدہ آدمی میں سرایت کر جاتا ہے، وہ اس کی ایک ایک رگ اور ایک ایک جوڑ کو متاثر کر جاتا ہے، اللہ کی قسم! اے گروہِ عرب! اگر تم اپنے نبی کی تعلیمات و ہدایات کو نہیں اپناؤ گے تو دوسرے بطریق اولیٰ انہیں اپنالیں گے۔[5]
Flag Counter